فیروز میری بہن کو نفسیاتی قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں علیزے کے بھائی کا بیان
میری بہن کو نفسیاتی کہا جا رہا تھا، وہ رو رہی تھی،علیزے عدالت میں بول نہیں سکی، احسن رضا
اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ فیروز خان کی جانب سے عدالت میں میری بہن کو نفسیاتی قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
گزشتہ روز کراچی کی مقامی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیزے سلطان کے بھائی احسن رضا نے کہا کہ پہلے بھی عدالت میں درخواست دی تھی مگر دھمکیوں کے سبب واپس لے لی تھی، اب کوئی رشتہ نہیں رہا تو انصاف میں دیر کے لیے کیوں انتظار کریں۔
علیزے کا بھائی کا کہنا تھا کہ فیروز خان کی ٹیم عدالت میں غلط باتیں کر رہی ہے، میری بہن کو نفسیاتی کہا جا رہا تھا، وہ رو رہی تھی، علیزے عدالت میں بول نہیں سکی جبکہ ہماری جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے تشدد کے شواہد کو فیروز خان کی قانونی ٹیم جعلی قرار دے رہی ہے۔
علیزے سلطان کے بھائی کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بھی تشدد کے شواہد سامنے نہیں لانا چاہ رہے تھے مگر عدالت کی یہ دستاویزات پبلک ہوتی ہیں اس لیے پرانے شواہد عوام کے سامنے بھی آ گئے ہیں جسے فیروز خان کے وکلا جعلی اور آنکھوں کا انفیکشن قرار دے رہے ہیں۔
احسن رضا نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں کہ آنکھوں کی الرجی میں آنکھ لال ہوتی ہے، آنکھ سوجتی نہیں ہے، فیروز خان کی قانونی ٹیم عدالت میں اِن شواہد کے فرانزک کی بات ہی نہیں کر رہی ہے، ہم مزید شواہد فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اگر شواہد جعلی لگ رہے ہیں تو اِن کا فارنزک کروانے کے لیے بھی تیار ہیں۔
یاد رہے کہ فیروز خان نے سابقہ اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عدالت میں پیش کئے گئے تشدد کے ثبوت کو بھی جعلی قرار دیا تھا۔
دوسری جانب پاکستانی شوبز انڈسٹری کے کئی فنکار علیزے سلطان کے ساتھ ہمدردی اور فیروز خان پر سخت تنقید کر رہے ہیں۔