گھریلو اخراجات کیلیے رقم مانگنے پرشوہر نے بیوی کو قتل کیا

قائداعظم کالونی کے قریب سے ملنے والی لاش گھروں میں کام کرنے والی خاتون کی نکلی

پولیس نے مقتولہ صغرا کے گھر پر چھاپہ مار کر شوہر محمد اسلم کو گرفتار کرلیا ۔ فوٹو : ساجد رؤف / ایکسپریس

قائداعظم کالونی لیاری ایکسپریس وے کے قریب سے ملنے والی خاتون کی شناخت کر لی گئی۔


مقتولہ کو اس کے شوہر نے گلا دبا کر قتل کیا اور لاش لیاری ایکسپریس وے کے قریب پھینک دی تھی ،تفصیلات کے مطابق منگل کو مبینہ ٹائون تھانے کی حدود قائد اعظم کالونی میں لیاری ایکسپریس وے کے قریب سے ملنے والی نامعلوم خاتون کی شناخت گزشتہ روز30 سالہ صغرا زوجہ محمد اسلم کے نام سے کر لی گئی مقتولہ قائد آباد کالونی میں واقع نور مسجد کے قریب رہائش پذیر تھی ،ایس ایچ او مبینہ ٹائون ہدایت اﷲ کے مطابق مقتولہ صغرا کو اس کے شوہر محمد اسلم نے گلا دبا کر قتل کیا اور لاش لیاری ایکسپریس وے کے قریب پھینک دی۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس نے مقتولہ کے گھر پر چھاپہ مار کر اس کے شوہر محمد اسلم کو گرفتار کر کے مقتولہ کے بھائی سراج احمد کی مدعیت میں مقدمہ مقدمہ درج کر لیا ہے انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گھریلو اخراجات کے معاملات پر اس کی اہلیہ سے اکثر و بیشتر جھگڑے ہوا کرتے تھے اور روز روز کے جھگڑوں سے تنگ آکر اس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب اپنی اہلیہ صغرا کا گلا دبا کر قتل کر کے لاش لیاری ایکسپریس وے کے قریب پھینک دی تھی ۔
Load Next Story