لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا عمران خان
پہلے ہی کہا تھا کہ جھکوں گا نہیں اور اب پھر کہہ رہا ہوں کہ مزید ڈٹ کر مقابلہ کروں گا، چیئرمین پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں، لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا۔
عمران خان نے اسپتال میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھاگنے یا کسی سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں، پہلے ہی کہا تھا کہ جھکوں گا نہیں اور اب پھر کہہ رہا ہوں کہ مزید ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔
عمران خان نے اسلام آباد کے لیے لانگ مارچ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قافلہ رواں دواں رہے گا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے عمران خان کی ہدایت پر آج کے دن کا لانگ مارچ کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے علاقے وزیرآباد اولڈ کچہری چوک پر ایک مسلح شخص نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان فائرنگ سے زخمی ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی کا ایک کارکن معظم گوندل جاں بحق ہوگیا۔
مزید پڑھیں: لانگ مارچ میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ، ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی
جاں بحق ہونے والے شخص کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اُس نے حملہ آور پر لپک کر اُسے پکڑنے کی کوشش کی اور پھر اسی دوران وہ گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ فائرنگ سے 8 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو حملے کے بعد جلسہ گاہ سے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا اور پھر ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں لاہور کے شوکت خانم اسپتال منتقل کیا گیا۔