آئی ایس پی آر کی عمران خان پر حملے کی مذمت اور جلد صحت یابی کی دعا

نواز شریف، مریم نواز، آصف زرداری، چوہدری شجاعت، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سیاسی قائدین کی بھی واقعے پر مذمت

فوٹو فائل

آئی ایس پی آر نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیدیا جبکہ سیاسی قیادت نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان سمیت تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایف ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے سابق وزیراعظم عمران خان پر فائرنگ اور زخمی ہونے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ناخوشگوار واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی اور صحت یابی کے لیے دلی دعائیں۔

مولانا فضل الرحمان

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر آباد میں فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ پر فائرنگ افسوسناک ہے، جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ واقعہ سیکورٹی کے حوالے سے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔


مریم نواز




مریم نے کہا کہ 'عمران خان پر فائرنگ کی مذمت کرتی ہوں اور ان سمیت تمام زخمیوں کی صحت کیلئے اللّہ تعالی سے دعاگو ہوں۔'


آصف زرداری


سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے عمران خان پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے عمران خان اور دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔


چوہدری شجاعت حسین


پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین ، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین کی عمران خان پر حملے کی مذمت کی۔


مزید پڑھیں: اللہ کا شکر ہے کہ دشمن کے مذموم عزائم ناکام ہوئے، وزیراعلیٰ پنجاب





چوہدری شجاعت نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالی عمران خان اور تحریک انصاف کی دیگر قیادت اور کارکنوں کی حفاظت فرمائے، سیاسی جماعتیں اور کارکنان پاکستان کے لئے پرامن رہیں، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی عمران خان پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ عمران خان کی جلدصحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔


اسپیکر قومی اسمبلی / خواجہ آصف

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی ٹی آئی احتجاج پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی وزیرآباد کے مقام پر پی ٹی آئی ریلی پر فائرنگ کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص کی ہلاکت بھی ہوئی ہے، سیاست میں مسئلے کا حل مذاکرات سے کیا جاتا ہے، جب سیاست میں نفرت کے بیج بو دیا جائے تو وہ سیاست نہیں رہتی۔

گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی مذمت

علاوہ ازیں گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور آزاد کشمیر کے وزیر اعظم نے بھی عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل وزیر آباد میں اولڈ کچہری چوک پر لانگ مارچ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 8 افراد زخمی جب کہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

مزید پڑھیں : لانگ مارچ: قاتلانہ حملے میں عمران خان زخمی، پی ٹی آئی کا 1 کارکن جاں بحق

فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ سینیٹر فیصل جاوید،عمرڈار،احمد چھٹہ کوبھی گولیاں لگی ہیں۔
Load Next Story