فائرنگ کا واقعہ پنجاب میں پیش آیا وفاقی حکومت تحقیقات میں تعاون کرے گی وزیر اطلاعات

وزیراعلیٰ پنجاب واقعہ کی رپورٹ طلب کریں اور وہ واقعہ کے حوالے سے حقائق سے عوام کو آگاہ کریں، مریم اورنگزیب


ویب ڈیسک November 03, 2022
فوٹو فائل

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں جو اندوہناک واقعہ پیش آیا، اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پنجاب حکومت کی رپورٹ آنے تک کوئی حتمی بات نہیں کی جاسکتی۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید زخمی ہوئے، ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں، عمران خان صاحب کو کنٹینر سے اسپتال لے جایا گیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی سی ٹی اسکین ہو رہی ہے۔سیاسی میدان خونی میدان نہیں بننے چاہئیں،اس قسم کی سیاست کی شدید مذمت کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے رانا ثنا اللہ کو ہدایت کی ہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کی جائے، وفاقی حکومت واقعہ کی تحقیقات میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، واقعہ پنجاب حکومت کی حدود میں ہوا، پنجاب کی پولیس، پنجاب کی انتظامیہ، پنجاب کی انٹیلی جنس اس واقعہ پر اپنی رپورٹ دے گی.

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی عمران خان پر فائرنگ کی شدید مذمت

 

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی چاہئے کہ وہ واقعہ کی رپورٹ طلب کریں اور وہ میڈیا پر آ کر اپنی حکومت اور پنجاب کے اندر اس واقعہ کے حوالے سے حقائق سے عوام کو آگاہ کریں، فائرنگ کرنے والا شخص گرفتار ہو گیا ہے، اس نے تسلیم کیا ہے کہ اس نے عمران خان کو گولی مارنے کی کوشش کی، یہ شخص پنجاب پولیس کی حراست میں ہے اور پولیس اس کا بیان ریکارڈ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس جائے واقعہ کو فوری طور پر سیل کرے، یہیں سے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز ہوگا، واقعے پر لوگوں کو سبق سیکھنا چاہئے، واقعہ پر سیاست نہ کی جائے. ہمارے الفاظ کا چناؤ اہم ہوتا ہے، ایسے الفاظ کا انتخاب نہ کیا جائے جو اشتعال کا باعث بنتے ہوں، آج ایک ذمہ دار خاتون نے غیر ذمہ دار بیان دیا، اس خاتون نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے حملہ کروایا ہے، ایسے رویے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کے اثرات عوام کو بھگتنا پڑتے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت، پنجاب پولیس، وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے حقائق سامنے آنے تک غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |