عمران خان حملہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ہدایت

ملزم کی ویڈیو لیک کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو معطل کر کے موبائل ضبط کرلیے، کمیٹی میں سی ٹی ڈی افسران بھی ہوں گے

فوٹو فائل

وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے اسپتال پہنچ کر عمران خان کی عیادت کی اور واقعے کی تحقیقات کے لیے آئی جی کو اعلیٰ سطح پر جے آئی ٹی بنانے کی ہدایت کی۔

چوہدری پرویز الہیٰ مسلم لیگ ق کے قائدین کے ہمراہ شوکت خانم اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے عمران خان سے ملاقات کر کے عیادت کی اور خیریت بھی دریافت کی۔ عمران خان نے پرویز الہیٰ کو کہا کہ 'اللہ تعالٰی کا شکر ادا کرتا ہوں، خیریت سے ہوں'۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ دشمن کے مذموم عزائم ناکام ہوئے، پوری قوم آپ کے ساتھ ہے اور آپ کے لئے دعا گو ہے۔واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

مزید پڑھیں: لانگ مارچ: قاتلانہ حملے میں عمران خان زخمی، پی ٹی آئی کا 1 کارکن جاں بحق

انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ کنٹینر کے قریب فائرنگ کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر تشویش ہے۔


وزیراعلیٰ پنجاب کی جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ہدایت

بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی کو اعلیٰ سطح پر جے آئی ٹی تشکیل دینے اور حملے کے محرکات کا جائزہ لینے کے لیے سی ٹی ڈی افسران کو بھی تفتیشی کمیٹی میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر لگنے والے ایک نہیں دو بندے تھے، پولیس عملے کو معطل کرکے موبائل ضبط کرلیے، فرانزک رپورٹ میں جاننا چاہتے ہیں کہ پولیس والوں کا کس سے رابطہ تھا، جہاں ملزم نے موٹر سائیکل کھڑی کی وہاں کس سے رابطہ تھا، تفتیش میں پیشرفت ہوگی اور یہ آگے بڑھے گی تو میڈیا کو سب بتائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: صرف عمران خان کو قتل کرنا چاہتا تھا، ملزم کا اعترافی بیان

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہک ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، جاننا چاہتے ہیں کہ اس حملے کے پیچھے کون لوگ ملوث ہیں، کن لوگوں نے ملزم کو ٹرین کیا اور کس سوچ کے تحت اُسے حملے پر تیار کیا گیا، ملزم کو کتنے پیسے اور کہاں سے ملے۔
Load Next Story