امپورٹڈ اداکارہ مردہ باد
کرینہ سیف۔ کچھ ہی دنوں میں بالی وڈ پر ہمارا راج ہوجائے گا
ہمیں پکا پکا یقین ہے کہ آپ ہماری بات پر پکا پکا یقین کریں گے کیوں کہ پچھتر سال سے کسی کی، کسی بھی بات کا یقین کرنا آپ کی عادت بھی ہے، شوق بھی اور معمول بھی۔ قصہ اسی کرینہ سیف کا ہے جو کبھی کرینہ کپور ہوا کرتی تھی لیکن ایک کپور سے اس کا دل بھر گیا تھا اور امپورٹڈ اداکارہ ''کترینہ کیف'' سے اس کا مقابلہ چل رہا تھا۔
اس لیے ''کپور'' سے کرینہ سیف ہوگئی، چوںکہ یہ خاندان اداکاری اور نوابی کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے سلسلے میں بھی مشہور ہے اور اس کا سربراہ منصور علی خان نواب آف پٹودی کرکٹ کا ہیرو رہا تھا، اس لیے کرینہ سیف کا اپنی ناموجود مونچھوں کو تاؤ دینا برحق تھا لیکن وہ امپورٹڈ اداکارہ کترینہ کیف کی دشمنی میں یہ بھول گئی کہ اس طرح اس کا اپنا اداکاری کا دھندہ بھی مندا ہوجائے گا جو پہلے سے بھی کچھ کم مندا نہیں تھا۔ اداکاری کا چاند جب ماند پڑ گیا تو اس نے دوسرے دھندے چالو کیے، ایک تو ماڈل بن کر اشتہارات میں آنے لگی۔
میرے حسن کا راز، انصاف بیوٹی لوشن، کرینہ سیف۔ میرا پکا انصاف سوپ۔ کرینہ سیف۔ میری تو جا۔۔ تبدیلی کریم، کرینہ سیف۔ میری کم عمری کا راز کپتان والی خوراک۔ کرینہ سیف۔ سب سے اچھی کریم، کرینہ سیف۔ میرے بال۔ بنا ہندوستان شیمپو۔ کرینہ سیف۔ کترینہ کیف کو اس نے امپورٹڈ اداکارہ مشہور کر رکھا ہے چنانچہ اس قسم کے بیانات بھی دیتی ہے۔
امپورٹڈ اداکارہ فلاپ ہوچکی ہے ۔کرینہ سیف۔ امپورٹڈ اداکارہ کے دن گنے جاچکے ہیں۔ کرینہ سیف۔امپورٹڈ اداکارہ کو اداکاری کی اے بی سی بھی نہیں آتی ۔کرینہ سیف۔امپورٹڈ اداکارہ کو ڈھنگ کا شوہر نہیں ملا ہے۔ کرینہ سیف۔ میرا شوہر سیف علی خان لاکھوں میں ایک ہے ،کرینہ سیف۔ میراشوہر نواب ہے ،کرینہ سیف۔میرا شوہر سدا بہار ہے۔
کرینہ سیف۔کچھ ہی دنوں میں بالی وڈ پر ہمارا راج ہوجائے گا ،کرینہ سیف۔اپنی ساس شرمیلاٹیگور اور نند سوہاعلی خان کی تعریف میں بیانات دے رہی ہے جیسے میری ساس مجھے دل وجان سے پسند کرتی ہے،کرینہ سیف۔میری ساس شرمیلا ٹیگور نے بھی میرے مشورے پر اپنا نام تبدیل کیا ہے اوراب وہ شرمیلا ٹیگورکے بجائے شرمیلی ٹیگوری ہوگئی ہے ،کرینہ سیف۔
سناہے اس نے کچھ اخباروالوں کو بھی قابومیں رکھاہے کہ کسی دن اگروہ اپنی مصروفیت کی وجہ سے یا ایٹم سانگزکی وجہ سے یاکسی کی شادی بیاہ میں ڈانس کی وجہ سے تازہ بیان نہ دے سکے تو اپنی طرف سے کچھ بھی لکھ کر دوکالمی سرخی جمائیں اوراس پر میرانام دیں۔کرینہ سیف۔چنانچہ بعض اوقات اس کے اس قسم کے بیانات بھی آتے ہیں ۔اکڑ بکڑ بمبے بو۔ امپورٹڈ اداکارہ ڈز،کرینہ سیف۔سیف علی خان زندہ باد، امپورٹڈ اداکارہ مردہ باد ،کرینہ سیف۔شرمیلی ٹیگوری کی جے اور امپورٹڈ اداکارہ کی ہائے ہائے، کرینہ سیف۔تیمورمیرا بیٹا ہے۔
کرینہ سیف۔میں ڈبل سیف ہوں، انگریزی کی بھی اورعربی کی بھی، کرینہ سیف۔میری نند سوہا علی خان میری سہیلی ہے، کرینہ سیف۔اکثرلوگ مجھے ''بیگم صاب''بولنے لگے ہیں حالانکہ قانونی طور پر میری ساس شرمیلی ٹیگوری ''بیگم صاب''ہوگئی ہے ،کرینہ سیف۔میری ماں ببیتا بہت خوش ہے اور مجھے ابھی سے بیگم صاب کہتی ہے، کرینہ سیف۔سیف علی خان کے پرستار روز بروز بڑھ رہے ہیں اور بہت جلد بالی وڈ ہمارے قبضے میں ہوگا۔
کرینہ سیف۔حالانکہ بچاری کترینہ کیف اس کے بارے کچھ نہیں کہتی لیکن یہ بات بات پر اسے امپورٹڈ اداکارہ کہہ کر بدنام کرتی ہے ،کرینہ سیف کا تازہ ترین بیان یہ آیاہے کہ سیف علی خان کے حکم کا انتظار ہے، ہم بہت جلد بالی وڈ پر قبضہ کرکے امپورٹڈ اداکاراؤں کو بھگا دیں گے ،کرینہ سیف۔ ویسے کرینہ انتظامی بہت ہے، اس نے ایک انتظام یہ بھی کر رکھا ہے کہ جب وہ خود کو تلوار کی طرح ''تیز'' کرکے نکلتی ہے تو ہرطرف سے سیف سیف سیف کی آوازیں آنے لگتی ہیں۔
ایک دانائے راز نے ہمیں صیغہ رازمیں بتایا ہے کہ ان لوگوں کو وہ خود فنانس کرتی ہے اورجب بھی سیف سیف کی آوازیں آتی ہیں وہ جواب میں ''واؤ واؤ'' کہتی ہے جو اس کے شوہرکا تکیہ کلام بلکہ لحاف کلام ہے، واؤ واؤ سیف سیف۔ امپورٹڈ اداکاروں پر ڈز،ڈزڈز