پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں چار بڑے مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہونگے

مظاہرے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملہ کے خلاف کیے جائیں گے

فوٹو : ایکسپریس

حقیقی آزادی مارچ پر وزیرآباد میں فائرنگ اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملہ کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں چار بڑے مقامات پر احتجاجی مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔

احتجاجی مظاہرے فیض آباد، روات جی ٹی روڈ، پھلگراں اور سنگجانی میں کیے جائیں گے جبکہ خواتین نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گی۔


واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کا مطالبہ پورا ہونے تک ملک گیر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے ٹوئٹ میں کہا کہ آج نماز جمعہ کے بعد پورے ملک میں احتجاج ہوگا۔ جب تک عمران خان کا مطالبہ پورا نہیں ہوتا ملک گیر احتجاج جاری رہے گا۔

گزشتہ روز عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد اسد عمر نے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان نے وزیراعظم شہبازشریف، وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک ریاستی ادارے کے افسر کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تینوں کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
Load Next Story