خیبر پختونخوا میں صحت کے مضبوط نظام پروگرام کیلیے 10 کروڑ ڈالر کا معاہدہ

پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر وزارت اقتصادی امور نے دسخط کیے


Irshad Ansari November 04, 2022
فوٹو: فائل

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان خیبر پختونخوا میں صحت کے مضبوط نظام پروگرام کے لیے 10 کروڑ ڈالر مالیت کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر پاکستان کی طرف سے وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے دستخط کیے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان ریذیڈنٹ مشن کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے معاہدے پر دستخط کیے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت اور ایشیائی ترقیاتی پروگرام کے درمیان صوبے میں پروگرام کے نفاذ کے لیے ایک اور معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ دستخطوں کی تقریب میں وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ نتیجہ خیز قرض پروگرام بنیادی ڈھانچے اور آلات کو جدید بنا کر ثانوی اسپتالوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ معاہدے کے تحت کلینیکل پروٹوکولز، معیارات و رہنما خطوط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے، انسانی وسائل کی منصوبہ بندی اور ادویات کی سپلائی چین کے انتظام کو بہتر بنایا جائے گا۔

اس پروگرام کا مقصد خیبر پختونخوا میں صحت کے ثانوی نظام کو تبدیل کرنا ہے۔ پروگرام سے تقریباً 38 ملین افراد مستفید ہوں گے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ پروگرام سے خواتین کی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات میں بہتری اور بچوں کی شرح اموات میں کمی آئے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزارت اقتصادی امور نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ 1.5 ارب ڈالر کے معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے جبکہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے موجودہ ترقیاتی منصوبوں سے 475 ملین ڈالر بھی دوبارہ خرچ کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں سے رعایتی قرضوں کا انتظام کرکے سیلاب کے بعد کے حالات میں بہتر سے بہتر تعمیرات میں صوبائی حکومتوں کی مدد کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں