اسموگ کے تدارک کیلیے لاہور ہائیکورٹ کا ہفتے میں دو روز ورک فرام ہوم لاگو کرنیکا عندیہ

دوران سماعت اسموگ کے تدراک کیلیے موثر اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی


کورٹ رپورٹر November 04, 2022
فوٹو: فائل

شہر میں اسموگ کی بگڑتی صورتحال پر لاہور ہائیکورٹ نے دوران سماعت اسموگ کے تدارک کے لیے ہفتے میں دو دن ورک فرام ہوم لاگو کرنے کا عندیہ دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں اسموگ کے تدراک کے لیے موثر اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی۔

سماعت کے دوران پنجاب حکومت کے وکیل نے ورک فرام ہوم فوری لاگو نہ کرنے کی استدعا کی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے اسموگ کے حوالے سے پنجاب حکومت کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسموگ کے حوالے سے اجلاس کیا اور عدالتی حکم پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے متعلقہ اداروں کو اسموگ پر قابو پانے کے احکامات دیے ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے بتایا کہ شیخوپورہ کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر نے فصلوں کو آگ لگانے پر متعدد افراد کو 40 لاکھ روپے کے جرمانے کیے ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل نے استدعا کی کہ عمران خان پر حملہ ہوا جس کی وجہ سے عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کے لیے فیصل آباد یونیورسٹی نے سفارشات دی ہیں، انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب سے منظور کروائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں