ارشد شریف قتل کے شواہد تین مختلف مقامات پر محفوظ کردیے ہیں مراد سعید

اگر مجھے راستے سے ہٹایا گیا تو کوئی دوسرا شخص یہ سارے ثبوت سامنے لے آئے گا، رہنما پی ٹی آئی

(فوٹو فائل)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ ارشد شریف قتل کے حوالے سے میرے پاس شواہد موجود ہیں جو میں نے تین جگہ پر محفوظ کردیے ہیں اگر مجھے راستے سے ہٹایا گیا تو یہ کوئی اور سامنے لے آئے گا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ سب سے پہلے تو اس بات کو دیکھنا چاہیے کہ ارشد شریف کو دھمکیاں کون اور کہاں سے دے رہا تھا، میرے پاس ارشد شریف کے قتل کے شواہد موجود ہیں، جنہیں میں نے تین جگہ پر محفوظ کردیا ہے۔


اُن کا کہنا تھا کہ مجھے راستے سے ہٹانے سے کچھ چھپ نہیں ہو سکتا، ارشد شریف کی والدہ کے مطالبے پر کمیشن بنےتومیں شواہد دوں گا۔ مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ ارشد شریف سے اسلام آباد میں اُن کی رہائش گاہ پر ایک افسر نے ملاقات کی اور اُسے بتایا گیا کہ یہ سب اوپر سے ہورہا ہے، ارشد نے بیرون ملک روانگی سے پہلے اُس افسر سمیت دیگر کے نمبر بلاک کردیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کو دبئی میں پیغام بھیجا گیا کہ وہ 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑ دیں، ارشد شریف نے اس ملاقات میں خاموشی سے مجھے کال ملائی اور ساری باتیں سنائیں۔
Load Next Story