پی ایس ایل 8 ڈرافٹ میں ورلڈ نمبر 2 بولر ہسارنگا بھی شامل

ٹاپ آل رائونڈر شکیب الحسن اور نمبر 6 بیٹر ڈیوڈ مالان بھی دستیاب ہوں گے

ملر 214 کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست کا حصہ،مزید اضافے اور تبدیلیاں متوقع (فوٹو: فائل)

پی ایس ایل 8 کے ڈرافٹ میں ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے دوسرے بہترین بولر وانندو ہسارنگا اور نمبر ون آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی شامل ہو گئے۔

پی ایس ایل 8ڈرافٹ کیلیے غیرملکی کرکٹرز کی رجسٹریشن جاری ہے، اب تک 214 کھلاڑی دلچسپی کا اظہار کر چکے، ان کا تعلق سری لنکا، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، زمبابوے، آسٹریلیا، افغانستان، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، یو اے ای، نیپال، جزائر ویسٹ انڈیز کے مختلف ممالک، مالدیپ، کینیڈا، امریکا، نیدرلینڈز، ہانگ کانگ،پاپوا نیو گنی، نمیبیا،یوگینڈا و دیگر سے ہے۔

اس فہرست میں تبدیلیاں اور مزید پلیئرز کا اضافہ بھی ہوگا، تاحال پلاٹیینم کیٹیگری میں 8 کرکٹرز ورلڈنمبر 2 بولر وانندو ہسارنگا،ڈاسن شناکا (سری لنکا)، ڈیوڈ ملر (جنوبی افریقہ)،رینکنگ میں سرفہرست آل راؤنڈر شکیب الحسن (بنگلہ دیش)،ڈیوڈ مالان،ریسی ٹوپلے (انگلینڈ)، مارٹن گپٹل (نیوزی لینڈ) اور اوڈین اسمتھ (ویسٹ انڈیز) شامل ہیں۔

ڈائمنڈ کے31 کرکٹرز میں جیسن روئے، ڈینیئل وارل،لورل ایوانز،پال والٹر، ایڈم ہوس، کریگ اوورٹن، جیمی اوورٹن (برطانیہ )، تمیم اقبال،تسکین احمد، مہدی حسن،محمود اللہ ریاض (بنگلہ دیش)، سکندر رضا (زمبابوے )، لوئس گریگوری،ول جیکس،اولی پوپ،جیمز فولر، ریحان احمد، (انگلینڈ)، اینڈریو ٹائی (آسٹریلیا ) انجیلو میتھیوز، اوشکا فرنانڈو ،چیراتھ اسالنکا،کوشل پریرا،پاتھم نسانکا، کوشل مینڈس (سری لنکا )، فابیان ایلن، برینڈن کنگ (جمیکا)، کیمرون ڈیلپورٹ (جنوبی افریقہ) ، گلبدین نائب،نجیب اللہ زدران (افغانستان )،جونسٹن چارلس (سینٹ لوشیا ) اور جوش لٹل (آئرلینڈ) موجود ہیں۔


مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2023؛ 8 کرکٹرز کی اگلی کیٹگریز میں ترقی

گولڈ میں 76 کرکٹرز موجود ہیں،ان میں نمایاں نام لٹن کمار داس،عبادت حسین، اسیلا گونارتنے، رمیش مینڈس،اپل تھارنگا،ڈیموتھ کرونارتنے، دھنن جایا ڈی سلوا،لاہیرو کمارا، محمد شہزاد، سین ولیمز ،کریگ ایرون،ہیملٹن مساکیڈزا، الٹن چگمبرا ہیں۔

سلور کے 99 کرکٹرز میں امریکا کے جسکارن ملہوترا بھی موجود ہیں، انھوں نے گذشتہ برس پاپوا نیو گنی کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی 6 گیندوں پر 6 چھکے لگا کر شہرت حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ ڈرافٹ کی مجوزہ تاریخ 18 نومبر ہے،پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن آئندہ برس 9فروری سے 19 مارچ تک ہوگا۔
Load Next Story