خیبرپختون خوا کے مختلف شہروں میں سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری

پشاور میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے نشیبی علاقے زیر آب، بجلی کا بریک ڈاؤن، مہوڈنڈ کالام میں برف باری

(فوٹو : فائل)

پشاور سمیت صوبے کے بیشتر حصوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور اس کے ساتھ ساتھ ژالہ باری نے موسم تبدیل کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبہ خیبر پختون خوا کے مختلف حصوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے جب کہ کہیں کہیں برف باری کی بھی اطلاعات ہیں۔

ہفتے کی صبح پشاور میں ہونے والی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح سے متاثر ہوا۔ اطلاعات کے مطابق بعض علاقوں میں بجلی کا بریک ڈاؤن بھی ہوا ہے۔ دریں اثنا مہوڈنڈ کالام میں برف باری ہوئی ہے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پشاور سمیت پختون خوا میں بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے، صوبے کے مختلف حصوں میں کبھی تیز تو کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا جب کہ بالائی اضلاع میں برف باری کا کا سلسلہ بھی شروع ہونے کا امکان ہے، بارشوں اور برفباری سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔




ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تیز بارشوں، برفباری اور ژالہ باری کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایات کردی، بالائی اضلاع میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہوسکتی ہیں، ضلعی انتظامیہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائے۔

کبل میں آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ، بچی زخمی اور تین مویشی ہلاک

مزید برآں کبل میں آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بجلی گرنے سے 12 سالہ بچی زخمی ہوگئی اور تین مویشی ہلاک ہوئے۔ اطلاعات ہیں کہ آسمانی بجلی بازیر نامی شخص کے گھر پر گری۔
Load Next Story