غیرقانونی تعمیرات نہ روکنے پر ایس بی سی اے حکام کی سرزنش

عدالتی احکامات کی عدم تعمیل پر وضاحت کیلیے ڈائریکٹرSBCAسینٹرل ذاتی حیثیت میں طلب

عدالتی احکامات کی عدم تعمیل پر وضاحت کیلیے ڈائریکٹرSBCAسینٹرل ذاتی حیثیت میں طلب۔ فوٹو : فائل

سندھ ہائیکورٹ نے نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق درخواست پر ڈائریکٹر ایس بی سی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے احکامات کی نقول ڈی جی، ایس بی سی اے کو بھیجنے کا حکم دیدیا۔

جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو نارتھ ناظم آباد، بلاک سی میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔


درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پلاٹ نمبر بی 106، اے 12 اور 13 پر پورشنز بنائے جا رہے ہیں۔ ایس بی سی اے کو شکایات کیں مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ بلاک سی نارتھ ناظم آباد میں غیرقانونی تعمیرات جاری ہیں۔ عدالت نے غیرقانونی تعمیرات نہ روکنے پر ایس بی سی اے حکام کی سرزنش کی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ڈائریکٹر ایس بی سی اے کو غیر قانونی تعمیرات روکنے کا حکم دیا لیکن ایس بی سی اے حکام عمل درآمد میں ناکام رہے۔ 6 ہفتوں کی مہلت کے باوجود ایس بی سی اے کوئی کارروائی نہ کرسکا۔

عدالت نے ڈائریکٹر ایس بی سی اے سینٹرل کو 15 روز میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر عمل درآمد نہ کرنے پر وضاحت دینے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے فیصلے کی نقول ڈی جی، ایس بی سی اے کو ارسال کرنے کا بھی حکم دیا۔
Load Next Story