اعتزاز احسن نے ایک بار پھر پی ٹی آئی میں شمولیت کی تردید کردی
عمران خان پر حملہ کرنے والا ایک طوطا ہے، صحت یابی کے بعد پڑوسی کی حیثیت سے چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس جاؤں گا
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئیررہنما اعتزاز احسن نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف شمولیت کی تردید کردی ہے۔
لاہور میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ رفیع عالم میموریل پولو کپ کے فائنل پر میڈیا سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ میڈیا کے مطابق میں پی ٹی آئی کی ہائی لیول کی میٹنگ میں موجود تھا جبکہ میں تو آپ کے سامنے اس وقت لاہور پولو کلب میں فائنل میچ سے لطف اندوز ہورہا ہوں کیونکہ سیاست دانوں کو بھی ریلیکس کرنے کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملے کا بہت افسوس ہے، صحت یابی کے بعد ایک ہمسائے کے طور پر عمران خان کی عیادت کے لیے جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملے کے ملزم کے ذریعے مذہبی بیانیہ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ ملزم کو مذہبی جنونی کہا گیا اگر پی ٹی آئی کے ساتھ اس وقت ایسا کیا جارہا ہے تو پھر مذہبی بیانیے کی بنیاد پر کوئی پارٹی سیاست نہیں کرسکے گی۔ عمران خان پر حملہ کرنے والا ایک طوطا ہے،وہ گرفتاری کے بعد پندرہ منٹس میں طوطے کی طرح بولنا شروع ہوگیا ہے۔