طالبان شوریٰ کو بتادیا گیا کہ ان کی کوئی خاتون یا بچہ حکومت کی قید میں نہیں حکومتی کمیٹی

مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان

براہ راست مذاکرات سے اعتماد بڑھا ہے جب کہ اس دوران عدم تشدد کی پالیسی پر بھی مثبت جواب ملا،حکومتی کمیٹی فوٹو:فائل

FAISALABAD:
حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے کہا ہے کہ انہوں نے طالبان کو بتا دیا ہے کہ حکومت کی قید میں ان کی کوئی خاتون یا بچہ نہیں ہے۔


اسلام آباد میں حکومتی کمیٹی نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں نامعلوم مقام پر طالبان شوریٰ سے ہونے والی 6 گھنٹے کی ملاقات کے حوالے سے بات کی، ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی نے کہا ہے کہ طالبان بھی مذاکرات میں ڈیڈ لاک نہیں چاہتے جب کہ ملاقات کے دوران ان کو بتا دیا گیا کہ ان کی کوئی خاتون یا بچہ حکومت کی قید میں نہیں، حکومتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ براہ راست مذاکرات سے اعتماد بڑھا ہے جب کہ اس دوران عدم تشدد کی پالیسی پر بھی مثبت جواب ملا اور اس ملاقات سے مذاکرات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ حکومت کمیٹیوں کی ملاقات کو خوش آئند سمجھتی ہے، حکومت کی جانب سے کمیٹی کی فراہم کردہ معلومات کا جائزہ لیا جائے گا اور مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کےلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، دوسری جانب مولانا اسمیع الحق کا کہنا ہے کہ طالبان اور حکومتی کمیٹیوں کی ملاقات کل اسلام آباد میں ہوگی۔
Load Next Story