ریلوے حکام نے ٹرین کے کرایوں میں کمی کے فیصلے میں دوسری مرتبہ مزید 3 ماہ کی توسیع کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت ریلوے نے مسافرٹرینوں کے کرایوں میں 40 فیصد کمی کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے اس میں مزید 3 ماہ کی توسیع کردی ہے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے کرایوں میں کمی کے باعث آمدنی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ کرائے کم ہونے سے قبل مسافر ٹرینیں خالی چل رہی تھیں جس کی وجہ سے خسارے میں اضافہ ہورہا تھا تاہم کرایوں میں کمی کے بعد ریلوے آمدنی میں 4 ارب 51 کروڑ روپے سالانہ اضافہ ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ ریلوے حکام نے یکم اکتوبر2013سے 31 دسمبر 2013ءتک تمام مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 7سے 42فیصد تک کمی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی جو 31 مارچ کو ختم ہورہی تھی تاہم حکام نے ایک مرتبہ پھر کرایوں میں کمی کے فیصلے میں 3 ماہ کی توسیع کردی۔