سی سی پی او لاہور کی معطلی کے خلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد

پھردرخواست گزارکہے گا میری مرضی کی تعیناتی بھی کرو،عدالت نے متعلقہ فورم سے رجوع کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹادی

سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو شوکاز جاری کیا گیا، نہ مؤقف سنا گیا ، وکیل (فوٹو فائل)

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی وفاق کی جانب سے معطلی کے خلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد کردی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں وکیل کے ذریعے عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ سی سی پی او لاہور کی معطلی کا حکم نامہ معطل کیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سی سی پی او لاہور کا حکم کس قانون کے تحت معطل کروں ؟۔


وکیل نے عدالت کو دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او کو شوکاز نوٹس جاری نہیں کیا گیا، نہ ہی سی سی پی او کا مؤقف سنا گیا ہے۔وفاقی حکومت نے ایک لائن کا حکم نامہ جاری کردیا۔

عدالت نے کہا کہ حکم نامہ ایک لائن ہی کا ہوتا ہے۔ پھر درخواست گزار کہے گا میری مرضی کی تعیناتی بھی کرو، ہم ایسا نہیں کرسکتے۔ جسٹس مزمل اختر شبیر نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے غلام محمود ڈوگر کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معطلی کے نوٹیفکیشن پر حکم امتناع کی استدعا مسترد کردی اور درخواست نمٹا دی۔
Load Next Story