راولپنڈی پی ٹی آئی کا دھرنا آج بھی جاری تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ بند

موٹروے ایم 2 پر بھی دھرنے کا دوسرا روز، گاڑیوں کی طویل قطاریں، مسافر ذہنی اذیت سے دوچار


ویب ڈیسک November 08, 2022
مرکزی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے اسلام آباد جانے والا راستہ بھی بند ہے (فوٹو فائل)

وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر میں پی ٹی آئی کا دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے تعلیمی اداروں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر بند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں ایکسپریس نیوز کی ٹیم پر پی ٹی آئی مظاہرین کا دھاوا

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف راولپنڈی کے مری روڈ پر پارٹی کارکنوں کا دھرنا دوسرے روز میں داخل ہوگیا، جس کی وجہ سے سڑک بند ہونے سے ٹریفک کا نظام آج بھی درہم برہم ہے جب کہ دھرنے کی وجہ سے شہر کے تمام تعلیمی اداروں میں آج چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکنان گزشتہ رات سے مری روڈ پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ مرکزی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے اسلام آباد جانے والا راستہ بھی بند ہے۔ احتجاج کے باعث مری روڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ اور شمس آباد کے قریب کاروباری مراکز مکمل بند ہیں جب کہ جڑواں شہروں کے درمیان میٹرو بس سروس معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کی وجہ سے مری روڈ اقبال پارک کے مقام پر بھی دونوں جانب سے بند ہے۔ اس کے علاوہ آئی جے پی روڈ، پیرودھائی موڑ روڈ اور سلپ ٹرن کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند ہے۔ اُدھر ٹیکسلا جی ٹی روڈر تہ شاہ مارگلہ کے مقام پردونوں اطراف سے بندہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کیخلاف بینرز لگ گئے

دوسری جانب سرائے کالا چوک بھی احتجاج کے باعث بند ہے۔ اولڈ ائرپورٹ روڈ گلزار قائد دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ جہلم روڈ سواں اور کچہری چوک کی جانب ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ راولپنڈی مال روڈ و پشاور روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کارکنوں کا موٹروے ایم 2 پر دوسرے روز بھی احتجاج جاری ہے، جس میں مظاہرین نے ٹائر اور موٹروے کے اطراف میں لگیں جھاڑیاں اور درخت جلا ڈالے ، جس سے ایم 2 موٹروے دونوں طرف سے بند ہوگیا، شہریوں و مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

موٹر وے کے دونوں جانب ٹریفک کی لمبی قطاریں رات سے موجود ہیں، جس میں درجنوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ موٹروے بند ہونے سے شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں۔ واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر اسمبلی واثق قیوم نے گزشتہ روز موٹر وے پر دھرنے کا اعلان کیا تھا۔ موٹروے ایم 2 بندش سے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ جانے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں