عمران خان پر قاتلانہ حملہ گجرات پولیس نے شواہد ضائع ہونے کے تاثر کو مسترد کردیا

تھانہ سٹی نے واقعے کی حسب ضابطہ روزنامچے میں رپورٹ درج کی اور شواہد حاصل کیے، جو اب بھی محفوظ ہیں۔ ترجمان

فوٹو فائل

گجرات پولیس نے وزیر آباد واقعے کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کردیا جس میں شواہد ضائع ہونے کے دعوے یا تاثر کو مسترد کیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ افسوسناک سانحہ کے بعد پولیس نے تھانہ سٹی وزیر آباد کے روزنامچہ میں حسب ضابطہ رپورٹ درج کیا اور مضروبان کے ایم ایل او حاصل کیے جبکہ جاں بحق ہونے والے شہری معظم کا پوسٹ مارٹم کروایا۔


گجرات پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب کی فرانزک ٹیموں نے وقوعہ پر بروقت پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور پھر انہیں محفوظ کیا، پورے کرائم سین کو تاحال مکمل محفوظ رکھا گیا ہے تاکہ کوئی بھی اہم شہادت ضائع نہ ہو۔

مزید پڑھیں: عمران خان پر حملے کے مقدمے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نفری چوبیس گھنٹے جائے وقوعہ کی حفاظت کے لیے تین شفٹوں میں ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہے، شواہد بروقت اکٹھے نہ ہونے یا ضائع ہونے کا تاثر درست نہیں ہے۔
Load Next Story