لانگ مارچ کے شرکا کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے وزیراعلیٰ پنجاب

مارچ کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی، اسنائپرز تعینات کیے جائیں گے، پرویز الہیٰ کی پی ٹی آئی کو یقین دہانی

فوٹو فائل

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے لانگ مارچ کے شرکا کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور جنرل سیکریٹری اسد عمر نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں لانگ مارچ اور عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے علاوہ ایف آئی آر کے اندراج پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔


'روٹ پر آنے والی چھتوں پر اسنائپرز تعینات کیے جائیں'

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکا کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے، روٹ پر آنے والی چھتوں پر اسنائپرز تعینات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مارچ کے شرکا کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ٹی آئی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ بلٹ پروف کنٹرینر تیار کریں اور مارچ میں وہی لے کر چلیں، قیادت کے علاوہ کسی اور شخص کو اُس میں سوار ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پنجاب پولیس کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پورے محکمے کیلیے نہیں بس ایک شخص کیلیے بیان تھا، کچھ عناصر ہمارے لانگ مارچ سے خوفزدہ ہیں۔
Load Next Story