ورلڈ ٹی ٹوئینٹی انگلینڈ نے پہاڑ جیسا ہدف سر کر کے لنکا ڈھا دی

الیکس ہالز کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ نے 190 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پر حاصل کیا


ویب ڈیسک March 27, 2014
سری لنکا کی جانب سے نوان کلسیکارا نے 4 وکٹیں حاصل کیں. فوٹو:اے ایف پی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں الیکس ہالز کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔


چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دے تو لنکن ٹائیگرز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے ، جواب میں انگلش ٹیم کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور پہلے ہی اوور میں ابتدائی 2 بیٹسمین بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد الیکس ہالز اور آئن مورگن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ پر 152 رنز کی شراکت قائم کی، 16ویں اوور میں مورگن 57 رنز بنا کر کلسیکارا کی گیند پر انجیلو میتھیوز کو کیچ دے بیٹھے لیکن دوسری طرف الیکس ہالز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 64 بولز پر 116 رنز بنا کرٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا جبکہ روی بوپارا 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سری لنکا کی جانب سے نوان کلسیکارا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔


اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بنائے، اوپننگ بلے باز کشال پریرا دوسرے اوور میں ہی 3 رنز بنا کر جیڈ ڈرنبیچ کا شکار بن گئے لیکن اس کے بعد آنے والے بلے باز مہیلاجے وردھنے نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں تلکارتنے دلشان کے ساتھ 145 رنز کی شراکت قائم کی، 149 کے مجموعہ پر جے وردھنے 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 51 بولز پر 89 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ دلشان 55 اور تھسارا پریرا 23 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے، میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر الیکس ہالز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں