جامعہ کراچی ٹرانسپورٹ ملازمین کی ہڑتال سے پوائنٹ سروس بند

شعبہ ٹرانسپورٹ کے ملازمین کی اچانک ہڑتال سے ہزاروں طلباکوشدیدپریشانی کاسامنا

ملازمین کاچیئرمین ٹرانسپورٹ ہٹانے کا مطالبہ،آج پوائنٹ سروس چلے گی،رجسٹرار۔ فوٹو: فائل

جامعہ کراچی میں ٹرانسپورٹ ملازمین کی ہڑتال سے جمعرات کو شٹل سروس (پوائنٹس) معطل ہوگئی۔


یونیورسٹی سے شہر کے مختلف علاقوں کو جانے والی بسیں روک دی گئیں، شعبہ ٹرانسپورٹ کے ڈرائیور اورکنڈیکٹر چیئرمین ٹرانسپورٹ کو ہٹانے کامطالبہ کرتے ہوئے شٹل سروس (پوائنٹس) روک کرہڑتال کردی جس سے جمعرات کو یونیورسٹی ہزاروں طلبا کو دشواری کاسامنا کرنا پڑا ہے، پوائنٹس سروس معطل ہونے سے ہزاروں طلبہ وطالبات پبلک ٹرانسپورٹ پر لٹک کر گھروں کو روانہ ہوئے، شٹل سروس کی معطلی کے بعد ہزاروں طلبہ وطالبات کے اچانک یونیورسٹی روڈ پر آنے کے سبب یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا۔

گزشتہ روز جامعہ میں کلاسز ختم ہونے کے بعد طلبہ وطالبات دوپہر ایک بجے پوائنٹس ٹرمینل پہنچے تو معلوم ہوا کہ شعبہ ٹرانسپورٹ کے ملازمین کی ہڑتال کے باعث پوائنٹس سروس بند ہے،ملازمین نے اچانک ہڑتال کرکے بسیں چلانے سے انکارکیا اور چیئرمین ٹرانسپورٹ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا اس موقع پر مشیرامورطلبا پروفیسر انصررضوی اورسیکیورٹی ایڈوائزر پروفیسر خالد عراقی نے ملازمین سے بات چیت کی لیکن ملازمین اپنے مطالبات پر قائم رہے اور بسیں چلانے سے انکارکردیا، جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسر معظم نے بتایا ہے کہ ٹرانسپورٹ ملازمین کے مطالبات شیخ الجامعہ کے موجود نہ ہونے کے سبب پورے نہیں ہوسکے ہیں آج شٹل سروس معمول کے مطابق چلے گی۔
Load Next Story