دیامیر میں اسکول جلانے کے باوجود طالبات کی پڑھائی جاری

اسکول کو نامعلوم افراد نے پیر کی شب نذر آتش کردیا تھا


ویب ڈیسک November 10, 2022
اسکول کو نامعلوم افراد نے پیر کی شب نذر آتش کردیا تھا

دیامیر میں جلائے گئے گرلز اسکول کو دوسری عمارت میں منتقل کردیا گیا۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر کے علاقے سمیگال داریل میں نذرآتش شدہ گرلز اسکول کو دوسری عمارت میں منتقل کردیا گیا تاکہ ایک دن بھی تعلیم کا حرج نہ ہو۔

اسکول کو نامعلوم افراد نے پیر کی شب نذر آتش کردیا تھا۔ مقامی پولیس نے واقعے پر دہشت گردی کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا ہے۔

انتظامیہ اور مقامی افراد نے عزم کیا کہ طالبات کی پڑھائی کا ایک دن بھی ضائع نہیں کیا جائے گا اور انہوں نے اسکول کی جلی ہوئی عمارت کی بحالی کے کام کا آغاز کردیا ہے۔ اس دوران کلاسز کو قریب ہی واقع ہیڈ ماسٹر کی رہائشی عمارت میں منتقل کرکے عارضی اسکول کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے بھی ایک ہفتے کے اندر اندر اسکول کی عمارت کو بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چلاس داریل میں جلائے گئے اسکول کی نئی تزئین شدہ عمارت کل تیار ہو جائے گی مگر بچیوں کی پڑھائی کا آج کا ایک دن بھی ضائع نہیں ہوا، لہذا اسکول سے ملحقہ پرنسپل کی رہائش گاہ کو عارضی طور پر اسکول قرار دے کر آج وہاں کلاسیں لگائی گئی ہیں، کل انشااللہ خطے کی خوبصورت ترین عمارت میں کلاسز شروع ہوجائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں