کراچی میں پولیس کی فائرنگ سے 3 ڈاکو ہلاک

چوتھا ساتھی زخمی حالت میں فرار، سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آگئیں


Staff Reporter November 10, 2022
(فوٹو فائل)

گلبرگ میں بنگلے میں ڈکیتی کرنے والے تین ملزمان پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے جبکہ چوتھا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔

ملزمان فرار ہوتے وقت بنگلے کے مکین خاتون اور مرد کو یرغمال بنا کر باہر نکلے لیکن پولیس اہلکاروں نے انتہائی مہارت اور ہوشیاری کے ساتھ ملزمان کو گھیرے میں لے لیا، ملزمان کا تعلق سلور کرولا گینگ سے ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی منظر عام پر آگئیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح گلبرگ بلاک 12میں گلبرگ چورنگی کے قریب سلور رنگ کی کار میں چار ملزمان پہنچے، ایک ملزم گاڑی میں بیٹھا رہا جبکہ تین ملزمان ایک بنگلے میں داخل ہوئے، ملزمان نے لوٹ مار شروع ہی کی تھی کہ پولیس ہیلپ لائن مددگار ون فائیو پر پولیس کو ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔

موٹر سائیکل پر سوار پولیس اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے جہاں کار میں موجود ملزم نے انھیں دیکھتے ہی فائرنگ کر دی، پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ملزم زخمی ہوگیا تاہم وہ کار میں موقع سے فرار ہوگیا۔ فائرنگ کی آواز سن کر بنگلے میں موجود ملزمان نے بھی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ سے دو ملزمان زخمی ہوئے تاہم انھوں نے گھر کے مکین ایک خاتون اور مرد کو یرغمال بنایا اور بنگلے سے باہر آئے۔

پولیس اہلکاروں نے انتہائی ہوشیاری اور مہارت کے ساتھ آس پاس کی گلیاں بھی گھیرے میں لے لیں، ملزمان اہل خانہ کو یرغمال بناتے ہوئے باہر نکلے اور گلی میں زخمی حالت میں انھیں اسلحے کے زور پر لے جاتے ہوئے کونے تک پہنچے ہی تھے کہ وہاں موٹر سائیکل پر پولیس اہلکار پہنچ گئے، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دو ملزمان مارے گئے جبکہ تیسرے ساتھی نے یہاں سے بھی فرار ہونے کی کوشش کی تاہم وہ بھی کچھ ہی دور فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔

خوش قسمتی سے اس دوران نہ صرف یرغمال بنائے گئے اہل خانہ بلکہ دیگر شہریوں میں سے بھی کوئی فائرنگ کی زد میں نہیں آیا اور معجزانہ طور پر کوئی پولیس اہلکار بھی زخمی نہیں ہوا۔

واقعے کے بعد ڈی آئی جی ویسٹ فدا حسین مستوئی جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے انھیں واقعے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مذکورہ ملزمان کا تعلق سلور کرولا گینگ سے ہے جوکہ شکار پوری گینگ کے نام سے بھی مشہور ہیں، انھوں نے نہ صرف ڈسٹرکٹ سینٹرل بلکہ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں گلشن اقبال اور گلستان جوہر میں بھی متعدد وارداتیں کی ہیں ، پولیس کے پاس ان وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہیں جبکہ گلبرگ کے علاقے میں بھی نہ صرف موٹر سائیکل اسکواڈ بلکہ سادہ لباس میں بھی اہلکار تعینات تھے، پولیس پوری طرح چوکس تھی۔

ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی منظر عام پر آگئیں جس میں ملزمان گھر سے فرار ہوکر اہل خانہ کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں جبکہ گھر کے اندر بھی ملزمان کا خون پھیلا ہوا ہے، گلی میں بھی ملزمان کے خون کے نشانات پائے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں