یوکرین پر حملے کے بعد سے اب تک ایک لاکھ روسی فوجی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں امریکا
یوکرینی فوج کو بھی تقریباً اتنی تعداد میں ہلاکتوں کا سامنا ہے، جنرل مارک ملی
امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین پر حملے کے بعد سے اب تک ایک لاکھ روسی فوجی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی جنرل مارک ملی نے مزید کہا کہ یوکرینی فوج کو بھی تقریباً اتنی تعداد میں ہلاکتوں کا سامنا ہے۔ یوکرین میں سفارت کاری کے امکانات سے متعلق سوال کے جواب میں امریکی جنرل نے کہا کہ پہلی جنگ عظیم میں مذاکرات سے قبل از وقت انکار نے انسانی مصائب میں اضافہ کیا اور مزید لاکھوں ہلاکتیں ہوئیں۔
انہوں نے نیویارک کے اکنامک کلب کو بتایا کہ لہذا جب بات چیت کا موقع ہو، جب امن حاصل کیا جا سکتا ہے ایسے لمحات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
اس سے قبل روس نے اعلان کیا تھا کہ اس کی فوجیں اسٹریٹجک جنوبی یوکرین کے شہر کھیرسن کے قریب دریائے ڈنیپر کے مغربی کنارے سے انخلا کریں گی ۔