کراچی فائرنگ سے دکان کے باہر بیٹھا اسٹیٹ ایجنٹ قتل

نامعلوم حملہ آور نے قریب آکر صرف زبیر سلطان ہی پر فائرنگ کی، جس سے دو گولیاں اس کے پیٹ میں لگیں، تحقیقات شروع


Staff Reporter November 11, 2022
مقتول پاپوش نگر فائیو سی کا رہائشی تھا (فوٹو فائل)

پاپوش نگر کے علاقے میں ریلوے پھاٹک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دکان کے باہر بیٹھا اسٹیٹ ایجنٹ قتل کردیا گیا۔

رئیل اسٹیٹ کے مالک 30 سالہ زبیر سلطان کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ رات گئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مقتول پاپوش نگر فائیو سی کا رہائشی تھا اور اپنے دوستوں کے ساتھ دکان کے باہر بیٹھا تھا، جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے وقت موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔ نامعلوم حملہ آور نے قریب آکر صرف زبیر سلطان ہی پر فائرنگ کی، جس سے دو گولیاں اس کے پیٹ میں لگیں۔ پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم کے 5 خول ملے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ مقتول ایک سیاسی جماعت کا عہدیدار بھی بتایا جاتا ہے۔

واقعے کے وقت موجود افراد متضاد بیانات دے رہی ہے کہ ملزم فائرنگ کرکے پیدل فرار ہوگیا جب کہ کچھ کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل پر سوار ملزمان نے فائرنگ کی۔ پولیس کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کررہی ہے، جس کی مدد سے تحقیقات میں پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں