آئی سی سی ایوارڈز سعید اجمل کے اخراج پر پاکستانی تحفظات برقرار

آج کولمبو میں ہونیوالی تقریب میں پاکستان کے چند پلیئرز رسمی طور پر شریک ہونگے

آئی سی سی کی تینوں فارمیٹس کی رینکنگ میں ٹاپ تھری میں شامل پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل ایوارڈز کی تینوں کیٹیگریز میں موجود ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

LONDON:
9 ویں آئی سی سی ایوارڈز کی پروقار تقریب ہفتے کی شب کولمبو کے ہوٹل میں سجائی جائے گی۔

کرکٹرآف دی ایئر کیلیے سنگاکارا، ہاشم آملا، ورنون فلینڈر اور مائیکل کلارک کے درمیان مقابلہ ہوگا، سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی پرفارمنس کیلیے تلکارتنے دلشان، کرس گیل، رچرڈ لیوی اوراجنتھا مینڈس میدان میں ہیں۔

امپائرز میں پاکستان کے علیم ڈار اس برس بھی ایوارڈ پانے کے منتظر ہیں، آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کیٹیگری میں محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔

آئی سی سی کی تینوں فارمیٹس کی رینکنگ میں ٹاپ تھری میں شامل پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل ایوارڈز کی تینوں کیٹیگریز میں موجود ہیں۔ ایوارڈ تقریب میں شرکت کے بارے میں جمعے کو چیئرمین ذکااشرف کی زیر صدارت پی سی بی کا اجلاس منعقد ہوا۔


جس میں اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ سعید اجمل کو ایوارڈز فہرست میں شارٹ لسٹ نہ کیا جانا بولر کے ساتھ ناانصافی ہے اور اس معاملے کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی اجلاس میں اٹھایا جائیگا، پاکستان نے اپنا پرزور احتجاج ریکارڈ کرادیا ہے اور ہفتے کی شام تقریب میں پاکستان کے چند کرکٹرز رسمی طور پر شریک ہوں گے جبکہ بورڈ کا کوئی سینئر آفیشل اس میں نہیں جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ایوارڈز تقریب ہفتے کی شب کولمبو کے ہوٹل میں سجائی جارہی ہے، کرکٹرآف دی ایئر کیلیے سنگاکارا، ہاشم آملا، ورنون فلینڈر اور مائیکل کلارک میدان میں ہیں جبکہ سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی پرفارمنس کیلیے تلکارتنے دلشان، کرس گیل، رچرڈ لیوی اوراجنتھا مینڈس میں مقابلہ ہے، ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کیلیے مہندرا سنگھ دھونی، ویرت کوہلی، لسیتھ مالنگا اور کمار سنگاکارا میں سے کوئی ایک سرخرو ہوگا۔

ویمنز کرکٹر کی ٹرافی کیلیے انگلینڈ کی لائیڈیا گرینوے اور سارہ ٹیلر جبکہ ویسٹ انڈیز کی انیسہ محمد اور اسٹیفنی ٹیلر میں جنگ ہوگی، ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کیلیے ڈگ بریسویل، دنیش چندیمل، سنیل نارائن اور جیمز پیٹنسن میں معرکہ ہوگا، امپائرز میں پاکستان کے علیم ڈار اس برس بھی ایوارڈ پانے کے منتظر ہیں، آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کیٹیگری میں محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔

ایوارڈز کیلیے کھلاڑیوں کا انتخاب 4 اگست 2011 سے 6 اگست 2012 تک کی پرفارمنس کو معیار بنایاگیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعے کو خصوصی اجلاس میں آئی سی سی ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے بارے میں تفصیلی بیان جاری کیا، جس کے مطابق ذکا اشرف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ سعید اجمل کا نام شارٹ لسٹ نہ کیا جانا بولر کے ساتھ ناانصافی ہے۔

ایوارڈز کی نامزدگی کے طریقہ کار پر تحفظات برقرار ہیں، جس میں بہتری لائی جانی چاہیے، پی سی بی کا سینئر آفیشل تقریب میں شریک نہیں ہوگا،سعید اجمل کو نامزد نہ کرنے کا معاملہ چیف ایگزیکٹیو کمیٹی میں اٹھایا جائیگا، آئی سی سی ایوارڈز کے بائیکاٹ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا لہذا کولمبو میں موجود اسکواڈ کے چند ممبران تقریب میں شریک ہوں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story