کوسٹ گارڈز نے پسنی میں پہاڑوں سے 900 کلوگرام حشیش برآمد کرلی
حشیش کی انڑنیشنل مارکیٹ میں مالیت تقریبا 57.330 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے، ترجمان کوسٹ گارڈز
پاکستان کوسٹ گارڈز نے کارروائی کے دوران پہاڑوں میں چھپائی گئی 900 کلوگرام حشیش قبضے میں لے لی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈ کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کے پسنی کے علاقے شادی کور(بلوچستان) سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اشیاء اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔
اطلاعات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ برگیڈئیر غلام عباس نے متعلقہ یونٹ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزید سخت اور سرچ آپریشن کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ترجمان کوسٹ گارڈز کا کہنا تھا کہ شادی کور کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران پہاڑوں میں چھپائی گئی 900 کلو گرام حشیش برآمد ہوئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ برآمد ہونے والی حشیش کی انڑنیشنل مارکیٹ میں مالیت تقریبا 57.330 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔پاکستان کوسٹ گارڈ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔