ویمنز ہاکی ریلوے نے سندھ وائٹس کو 25 گول سے شکست دے دی

آرمی نے پنجاب وائٹس کو8-0 سے ہرایا، واپڈا نے ایچ ای سی کو3-0 سے قابو کرلیا،پنجاب کلرز نے کے پی کے کو6-0سے زیر کیا

کراچی :ویمنز ہاکی چیمپئن شپ میں ریلوے اور سندھ وائٹس کے مقابلے کا ایک منظر ۔ فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

28 ویں قومی ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کے دوسرے دن بھی گولزکی بارش جاری رہی،پاکستان ریلوے نے سندھ وائٹس کو25گول سے شکست دیدی، پاکستان آرمی نے پنجاب وائٹس کو8-0 سے ہرایا۔


دفاعی چیمپئن واپڈا نے ایچ ای سی کو3-0 سے قابو کرلیا، پنجاب کلرز نے کے پی کے کو6-0سے زیر کیا، تفصیلات کے مطابق ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں جاری ایونٹ میں جمعرات کو سابق قومی چیمپئن پاکستان ریلوے نے میزبان سندھ وائٹس کو25-0 سے ہرایا، حنا کنول اور نمرا عبدالخالق نے ڈبل ہیٹ ٹرک جبکہ مدیحہ منظور(5) ، اقصیٰ ممتاز(4) نے ہیٹ ٹرک بنائیں، مرینہ انور، شاہدہ کوثر ، ارم حسن اور کلثوم منیب نے 1،1 مرتبہ گیند کو جال میں پہنچایا، ناکام ٹیم پورے میچ کے دوران بے بسی کی تصویر بنی رہی۔

دوسرے میچ میں پاکستان واپڈا کی ایچ ای سی کے خلاف 3-0 سے کامیابی سے سیمی فائنل میں رسائی کا امکان روشن ہوگیا،امبرین ارشد ، عشرت عباس اور کلثوم نے1،1گول داغا ، خیبرپختونخوا کے خلاف6-0 سے فتح میں پنجاب کلرز کی مریم منشا اورشاہ نیل بابر نے2،2گول اپنے نام کیے، رمشا الیاس اورسدراایوب کے حصہ میں1،1گول آیا، پاکستان آرمی نے پنجاب وائٹس کو یکطرفہ مقابلے میں8-0 سے شکست دی، اقرا جاوید، افشاں نورین، سحرش کنول نے 2،2 جبکہ عائشہ رفیق اور سمیرا مقبول نے1،1 گول اسکورکیا،جمعے کو پاکستان واپڈا کا پنجاب کلرز، سندھ کلرز کا ایچ ای سی اور پاکستان ریلوے کا بلوچستان سے مقابلہ ہوگا۔
Load Next Story