بھارتی سیاستدان لالو پرساد کے گردے فیل بیٹی کا گردہ دینے کا فیصلہ

74 سالہ لالو پرساد کو صحت کے متعدد مسائل کا سامنا ہے


ویب ڈیسک November 12, 2022
لالو پرساد صحت کے متعدد مسائل کا سامنا ہے، فوٹو: فائل

طویل عرصے سے علیل بھارتی ریاست بہار کے سابق وزیراعلیٰ اور راشٹریہ جنتا دل کے صدر 74 سالہ لالو پرساد کو معالجین نے تبدیلی گردہ کا آپریشن تجویز کیا ہے جس پر ان کی بیٹی روہنی آچاریہ نے والد کو اپنا گردہ دینے کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے سابق وزیراعلیٰ اور ریلوے کے سابق وفاقی وزیر لالو پرساد ان دنوں صحت کے متعدد مسائل سے دوچار ہیں اور ان کے معالجین نے گردے کی پیوند کاری کا مشورہ دیا تھا۔

معالجین کی تجویز پر لالو پرساد کی سنگاپور میں مقیم 40 سالہ بیٹی روہنی آچاریہ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میں والد کو اپنا گردہ دوں گی۔ گردہ صرف گوشت کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا ہے۔ میں ان کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہوں۔ براہ کرم دعا کریں کہ معاملات ٹھیک ہوجائیں۔

لالو پرساد پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں اور وہ مختلف عدالتوں میں کیسز کا سامنا کر رہے ہیں۔ وہ 24 اکتوبر کو ہی سنگاپور سے وطن واپس لوٹے ہیں کیوں کہ 25 اکتوبر کو ان کے ملک سے باہر رہنے کی عدالتی مہلت ختم ہورہی تھی۔

سابق وفاقی وزیر ریلوے اب دوبارہ سنگاپور جائیں گے جہاں ان کا تبدیلیٔ گردہ کا آپریشن ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں