بھارتی سپریم کورٹ نے سری نواسن کو ہٹا کر سنیل گواسکر کو کرکٹ بورڈ کا عبوری صدر مقرر کردیا

سنیل گواسکر آئی پی ایل کے ساتویں سیزن تک بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے، سپریم کورٹ


ویب ڈیسک March 28, 2014
آئی پی ایل کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے اور تمام ٹیمیں اس میں حصہ لے سکتی ہیں، سپریم کورٹ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارتی سپریم کورٹ نے سابق کرکٹر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سنیل گواسکر کو بی سی سی آئی کا عبوری صدر مقرر کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے عبوری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سری نواسن کو بطور بی سی سی آئی صدر کام کرنے سے روکتے ہوئے سنیل گواسکر کو کرکٹ بورڈ کا نیا صدر مقرر کردیا، حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سنیل گواسکر آئی پی ایل کے ساتویں سیزن تک بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر رہیں گے اور اس دوران عبوری صدر کے فرائض انجام دیں گے تاہم اس دوران وہ کمنٹری نہیں کرسکیں گے۔ حکم نامے میں آئی پی ایل کی ٹیمیں چنائی سپر کنگز اور راجستھان رائلز پر لگائی گئی پابندی ختم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئی پی ایل کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے اور تمام ٹیمیں اس میں حصہ لے سکتی ہیں۔

دوسری جانب سنیل گواسکر کا سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ کرکٹ بورڈ کے عبوری صدر کا عہدہ سنبھالنے کے لئے تیار ہیں اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے کی کوشش کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں