20غریب ترین اضلاع کی ترقی کیلیے 5 سالہ منصوبے کا آغاز

بلوچستان کے11، سندھ کے 5،کے پی کے 3 اضلاع شامل، احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس


Numainda Express November 13, 2022
وزارت منصوبہ بندی نے منظوری کیلیے ایکنک کو بھیج دیا، پہلے فیز کا تخمینہ 40 ارب روپے ہے۔ فوٹو: فائل

وزارت منصوبہ بندی نے پاکستان کے20 غریب ترین اضلاع کی ترقی کے لیے 5 سالہ منصوبے کا آغاز کردیا۔

وزارت منصوبہ بندی نے پاکستان بھر کے20 غریب ترین اضلاع کے لیے خصوصی ترقیاتی اقدامات پر مشتمل 5 سالہ منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کو سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے منظوری کیلیے ایکنک کو بھیج دیا ہے۔

اس منصوبے کے پہلے فیز کی تخمینہ لاگت 40 ارب روپے ہے جو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان پچاس، 50 فیصد لاگت کے اشتراک کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے سی ڈی ڈبلیو پی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جہاں وفاقی حکومت غریب ترین اضلاع کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، منتخب 20 اضلاع میں بلوچستان کے 11، سندھ کے 5، خیبر پختونخوا سے 3 اور پنجاب سے 1 ضلع شامل ہے، ان میں بہت سے اضلاع حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ملک کے غریب ترین اضلاع میں بنیادی ڈھانچے اور انسانی سرمائے کی ترقی میں ہدفی سرمایہ کاری کے ذریعے جامع ترقی اور مساوی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

دریں اثنا پی ٹی آئی لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ڈھول بجانے سے نہیں کارکردگی سے چلتی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں