گرین شرٹس کا ناقابل یقین سفر

آج کی سب سے بڑی حقیقت یہ ہے کہ اگر مگر کے پیچیدہ کھیل میں قسمت پاکستان پر مہربان رہی

آج کی سب سے بڑی حقیقت یہ ہے کہ اگر مگر کے پیچیدہ کھیل میں قسمت پاکستان پر مہربان رہی۔ فوٹو: فائل

ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان پر قسمت خوب مہربان ہوئی، ابتدائی 2 ناکامیوں کی وجہ سے جس ٹیم کو کوئی خاطر میں لانے کو تیار نہیں تھا وہی ٹیم آج فائنل کھیل رہی ہے۔

گرین شرٹس نے اپنی مہم کا آغاز میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت کیخلاف کیا، اس مقابلے کو دیکھنے کیلئے 90 ہزار سے زائد تماشائی اسٹیڈیم میں موجود تھے، کرکٹ کا پارہ انتہائی چڑھا ہوا تھا، ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کیلئے مجبور ہونے والی پاکستان ٹیم نے 8 وکٹ پر 159 رنز بنائے، اوپنرز بابراعظم صفر اور محمد رضوان 4 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے، اس موقع پر شان مسعود اور افتخار احمد نے ففٹیز بناکر اپنی ٹیم کو قدرے مناسب ٹوٹل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

جواب میں گرین شرٹس نے نپی تلی بولنگ سے ابتدا میں بھارتی ٹیم کو باندھ کر رکھا، جس کی 4 وکٹیں 31 رنز کے دوران گر گئیں، تاہم اس موقع پر ویراٹ کوہلی اور ہردیک پانڈیا وکٹ پر یکجا ہوئے اور میچ کو پاکستان سے چھین لے گئے، آخری اوور میں بھی پاکستان کی فتح کا امکان موجود تھا تاہم متنازع نو بال پر کوہلی کو ملنے والی فری ہٹ نے کیس بگاڑ دیا اور اس تقریباً جیتے ہوئے میچ میں گرین شرٹس کو 4 رنز سے شکست کا کڑوا گھونٹ بھرنا پڑا۔

اگلا میچ زمبابوے سے تھا اگر مگر کے پیچیدہ کھیل سے بچنے کیلئے گرین شرٹس کو اچھے مارجن سے فتح درکار تھی، سین ولیمز کے 31 رنز کی بدولت پہلے بیٹنگ کرنے والی زمبابوین ٹیم نے 8 وکٹ پر 130 رنز بنائے، جواب پاکستانی اوپننگ جوڑی پھر ناکام ہوئی، بابر 4 اور رضوان 14 رنز بنا کر رخصت ہوگئے، شان مسعود نے اس بار 44 رنز بنائے آخری اوور میں فتح کیلئے 11 رنز درکار تھے، پاکستان ٹیم ایک رن سے ہارگئی، اس کے ساتھ ہی اگر مگر کا پیچیدہ کھیل شروع ہوگیا۔


پاکستان کو نہ صرف اپنے باقی تینوں میچز بڑے مارجن سے جیتنا تھے بلکہ اس کو دوسری ٹیموں کے میچز میں اپنے حق میں نتائج بھی درکار تھے، اگلے مقابلے میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو 6 وکٹ سے مات دی جبکہ جنوبی افریقہ نے بھارت کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔

اس موقع پر سیمی فائنلز کا دروازہ پاکستان پر بند ہوتا ہوا دکھائی دیا لیکن اگر مگر کا کھیل بدستور جاری تھا، نیدرلینڈز نے زمبابوے اور بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے کرگرین شرٹس کیلئے کچھ زمین ہموار کی، اپنے اگلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 33 رنز سے شکست دے کر امید کے دیے کی لو اور بھڑکا دی مگر دوڑ سے باہر ہونے تلوار بدستور گرین شرٹس کے سر پر لٹک رہی تھی۔

اتوار 6 نومبر پاکستان کیلئے انتہائی حیران کن دن ثابت ہوا مگر حیرت کاشدید جھٹکا جنوبی افریقہ کو لگا جوکہ نیدرلینڈز سے 13 رنز سے ہارگیا جبکہ اسی روز پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل کی ٹکٹ کٹوا دی، اس کے بعد نیوزی لینڈ کا فائنل 4 میں جو حشر ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔

انگلینڈ سے فائنل کا نتیجہ کیا ہوگا یہ تو خدا بہتر جانتا ہے لیکن آج کی سب سے بڑی حقیقت یہ ہے کہ اگر مگر کے پیچیدہ کھیل میں قسمت پاکستان پر مہربان رہی۔
Load Next Story