راولپنڈی ڈاکو تاجر کے گھر سے 10تولے سونے کے زیورات لوٹ کر فرار
واردات کی سی سی ٹی فوٹیج سامنے آگئی
تھانہ گوجرخان کے علاقے اسکیم ون میں تین مسلح ڈاکو وہاب سیٹھی کے گھر سے ایک لاکھ نقدی اور 15 لاکھ روپے مالیت کے 10 تولے سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔
مسلح ڈاکو پیدل فرار ہوتے وقت مصروف شاہراہ پر موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو گرا کر موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوئے، واردات کی سی سی ٹی فوٹیج سامنے آگئی۔
مقدمہ درج کروانے والے تاجر عبدالوہاب سیٹھی نے پولیس کو بتایا کہ تینوں مسلح ڈاکو فرار ہوتے وقت مصروف شاہراہ پر موٹر سائیکل سوار افضال ظفر سے موٹر سائیکل بھی چھین کر لے گئے۔
سی سی ٹی فوٹیج میں ڈاکوؤں کو گھر سے ڈکیتی کی واردات کرکے مسلح حالت میں فرار ہوتے اور ہوائی فائرنگ کرکے راہ گیروں کو بھاگتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو ڈاکو پاوں سے ٹھوکر مار کر گراتے ہیں جس سے بچی کا والد توزان کھو دیتا ہے اور دونوں موٹر سائیکل سمیت زمین پر گر جاتے ہیں، بچی کا اسکول بیگ بھی سڑک پر گر جاتا ہے۔
فوٹیج میں تینوں مسلح ملزمان کو موٹر سائیکل چھین کے فرار ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے جبکہ مصروف شاہراہ سے دیگر طالب علم و راہ گیر بھی گزرتے دیکھے جا سکتے ہیں، ملزمان کی ہوائی فائرنگ اور اسلحہ دیکھ کر کسی نے مداخلت نہیں کی اور ڈاکو بآسانی فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان فرار ہونے کے بعد چھینی گئی موٹر سائیکل تھانہ روات کے علاقے میں چھوڑ گئے جس کو تحویل میں لے کر متاثرہ گھر جہاں پہلی واردات کرکے ڈاکو فرار ہوئے، کے رہائشی وہاب سیٹھی کی مدعیت میں مقدمہ درج اور تفتیش جاری ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔