لاہور میں خاتون پر تیزاب پھینکنے والا دوسرا ملزم بھی گرفتار
ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا، ملزمان کو سخت سزا دلوائی جائے گی، ایس پی ماڈل ٹاؤن
پنجاب پولیس نے خاتون پر تیزاب پھینکنے کے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خاتون پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے تھانہ کاہنہ کی حدود میں پیش آیا تھا، جس پر ایس پی ماڈل ٹاؤن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
ایس پی حسن بھٹی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کاہنہ پولیس نے کارروائی کی اور تیزاب پھیلنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ہولیس نے گرفتار دوسرے ملزم کی شناخت آصف کے نام سے کی ہے، ملزمان نے کاہنہ کے علاقے میں والدین کی غیر موجودگی میں گھر میں زبردستی داخل ہوکر خاتون پر تیزاب پھینکا تھا۔
تیزاب گردی کا شکار خاتون کا بازو اور جسم جھلس گیا تھا، جیسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن حسن جاوید بھٹی نےبتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملزم کو گرفتار کیا اور دونوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انوسٹیگیشن ونگ کے حوالے کردیا۔
ایس پی حسن بھٹی کا کہنا تھا کہ ملزمان کو سخت سزا دلوائی جائے گی۔