شاہین شاہ آفریدی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

حارث رؤف کو ٹیسٹ ڈیبیو کروانے کا فیصلہ، نسیم شاہ کے ساتھ محمد عباس پاکستان کی پیس بیٹری کا حصہ ہوں گے۔

حارث رؤف کو ٹیسٹ ڈیبیو کروانے کا فیصلہ، نسیم شاہ کے ساتھ محمد عباس پاکستان کی پیس بیٹری کا حصہ ہوں گے (فوٹو: اے ایف پی)

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دستیاب نہیں ہوسکیں گے، انہیں کھلانے کا رسک لینے کے بجائے آرام کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حارث رؤف کو ٹیسٹ ڈیبیو کروانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ نسیم شاہ کے ساتھ محمد عباس پاکستان کی پیس بیٹری کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق فائنل میں انجری کا دوبارہ شکار ہونے والے شاہین شاہ آفریدی کا وطن واپسی پر مکمل میڈیکل اسکین ہوگا۔جن کی رپورٹس کی روشنی میں بائیں ہاتھ کے پیسر کا ری ہیب پلان ترتیب دیا جاسکے گا۔

ٹیم مینجمنٹ نے شاہین کو بڑی انجری سے بچانے اور فاسٹ بولر کے مستقبل کے پیش نظر انگلینڈ کے خلاف یکم دسمبر سے شیڈول تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انہیں اسکواڈ کا حصہ نہ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔


یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ فائنل میں شاہین انجری کا شکار ہوگئے

ان کا خلا پر کرنے کے لیے حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔اس حوالے سے وطن واپسی کے بعد ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی مشاورت ہوگی. جس کے بعد باقاعدہ ٹیم کا اعلان اگلے ہفتے تک کردیا جائے گا۔

ٹیم میں ڈومیسٹک کے اسپنر ابرار احمد کی بھی شمولیت کے روشن امکانات ہیں۔تجربہ کار وکٹ کیپر سرفراز احمد کے لیے جگہ برقرار رکھنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ہوم سیریز کی وجہ سے ایک وکٹ کیپر محمد رضوان کو ہی پندرہ رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم نے پہلے سے اعلان کردہ پروگرام کے مطابق ستائیس نومبر کو اسلام آباد پہنچنا ہے۔ ان ہی دنوں پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے سبب مہمان ٹیم کی آمد کے شیڈول کا ازسر نو جائزہ بھی لیا جارہا ہے. اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ حکومتی ایڈوانس کا منتظر ہے۔ بی پلان کے مطابق پہلا ٹیسٹ کراچی، دوسرا ملتان اور تیسرا ٹیسٹ دوبارہ کراچی میں کھیلا جاسکتا ہے۔
Load Next Story