ورلڈ ٹی 20 بھارت کیخلاف جیت بہت اہم ہوگی واٹمور

سعید اجمل ہر گیند پر وکٹ لے سکتا ہے، اس کا کوچ ہونا میری خوش قسمتی ہے

پیر کو بھارت کیخلاف پریکٹس میچ میں بھی جیت بہت اہم ہوگی، ہیڈ کوچ فوٹو : اے ایف پی

پاکستان ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے امید ظاہر کی ہے کہ ورلڈ ٹی 20 میں ٹیم اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔


نجی ٹی وی سے گفتگو میں تجربہ کار کوچ نے کہا کہ ہماری ورلڈ ٹی 20 کی تاریخ بہت اچھی ہے لیکن یہ نیا ایونٹ ہے، تاہم ہمارا ماضی اچھا ہونے کے باعث توقعات ہیں، سعید اجمل کے متعلق سوال پر ہیڈ کوچ نے کہا کہ سعید ایک ایسا بولر ہے جسے ہر گیند پر وکٹ مل سکتی ہے،میری خوش قسمتی ہے کہ وہ میری زیرکوچنگ کھیلنے والی ٹیم کا حصہ ہے۔

انھوں نے مزید کہاکہ مجھے ہر میچ میں کھلاڑیوں سے بہترین کھیل کی توقع ہے، بھارت کیخلاف پریکٹس میچ میں جیت بہت اہم ہوگی، انھوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ آسٹریلیا کیخلاف جیت حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو برقرار رکھا جائے ، ہوسکتا ہے حالات کے مطابق تبدیل کریں۔
Load Next Story