آرمی چیف کی تعیناتی پر مفرور سے مشورہ خفیہ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے عمران خان

اس معاملے پر ہم قانونی کارروائی کے لیے وکلا سے مشاورت کررہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک November 14, 2022
—فائل فوٹو

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ کس ملک میں ایسا ہوتا ہے کہ مفرور شخص ملکی سیکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے کرے؟ آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر ایک مفرور سے مشورہ سرکاری خفیہ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے اور اس پر ہم قانونی کارروائی کے لیے وکلا سے مشاورت کررہے ہیں۔


منڈی بہا الدین میں لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران عمران خان نے سوال اٹھایا کہ آرمی چیف کی اتنی اہم پوزیشن پر وزیراعظم ایک مفرور سے کیسے بات کرسکتا ہے؟


انہوں نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مفرور شخص آرمی چیف کا تقرر میرٹ کو نظر انداز کرکے اپنے مفاد کے لیے کرے گا۔


''وزیر آباد قاتلانہ حملے کی تحقیقات کیلیے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے''


چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اعظم سواتی، ارشد شریف اور وزیرآباد قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں پیٹیشن دائر کی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہماری پٹیشن کو سنا جائے گا، ہمارے اراکین اسمبلی اور سینیٹرز نے عدالت عظمیٰ میں داخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ اعظم سواتی پر جو تشدد ہوا اور انہیں جو ٹیپ ارسال کی گئی اس معاملے پر سماعت ہو۔

عمران خان نے کہا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا اور میں بطور پر سابق وزیراعظم ایف آئی آر کا اندارج نہیں کرواسکتا، آئین مجھے حق دیتا ہے کہ میں ان کی نشاندہی کروں، پنجاب میں ہماری حکومت ہے، پنجاب پولیس نے ہماری بات نہیں سنی، طاقت ور حلقوں کی بات سنی، اور ہماری ایف آئی درج نہیں کروائی۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی تحریک انصاف کا منشور ہے، لوگ کہتے ہیں خوشحالی کیسے آئے گئی؟ جب تک قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی خوشحالی نہیں آسکتی، میرے نبی ﷺ نے مدینہ کی ریاست کو پہلے انصاف دیا پھرخوشحالی آئی ساری دنیامیں وہ خوشحال ملک ہیں جہاں انصاف ہے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں