جامعہ کراچی میں انٹرمیڈیٹ کی بنیاد پر داخلے فوری شروع کرنے کا فیصلہ

جامعہ میں 2023 کا سیشن تاخیر سے شروع کیا جائے گا جس کے باعث موسم گرما کی تعطیلات مختصر کردی گئیں

—فائل فوٹو

جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل نے یونیورسٹی میں انٹرمیڈیٹ کی بنیاد پر داخلے فوری شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل نے بعض تکنیکی وجوہات کے سبب بیچلر پروگرام کے داخلے انٹر سال اول کے نتائج کی بنیاد پر دینے کی تجویز مسترد کردی ہے۔

داخلے پرانے اور رائج طریقہ کار کے مطابق انٹرمیڈیٹ سال دوئم کے نتائج کی بنیاد پر ہی دیے جائیں گے تاہم نتائج کا انتظار کیے بغیر داخلوں کا عمل فوری شروع کیا جارہا ہے جب کہ کچھ تعلیمی بورڈ کے انٹر کے نتائج نہ آنے کے سبب تعلیمی سیشن 2023 کچھ تاخیر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس تاخیر پر قابو پانے کے لیے کراچی یونیورسٹی میں موسم گرما کی تعطیلات مختصر کردی گئی ہیں۔


اکیڈمک کونسل کا اجلاس پیر کی دوپہر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کی صدارت میں ہوا اجلاس کے بعد داخلوں سے متعلق تفصیلات سے "ایکسپریس" کو آگاہ کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ جامعہ کراچی میں داخلوں کا عمل فوری شروع کرتے ہوئے ممکنہ طور پر اتوار 20 نومبر کو ٹیسٹ بیس ڈپارٹمنٹ کے اشتہارات جاری کردیے جائیں گے اور ممکنہ طور پر پہلے حصے میں شعبہ ویژول اسٹڈیز کا ٹیسٹ 4 دسمبر کو ، بی ایس تھرڈ ایئر میں داخلوں کا ٹیسٹ 10 دسمبر جب کہ بی ایس فرسٹ ایئر میں داخلوں کے لیے ٹیسٹ 11 دسمبر کو لیے جائیں گے جس کے بعد اوپن میرٹ کے داخلے شروع ہونگے.

شیخ الجامعہ نے بتایا کہ اکیڈمک کونسل نے فیصلہ کیا ٹیسٹ ڈپارٹمنٹ کے داخلوں کا اعلان کرکے ٹیسٹ کا انعقاد کرلیا جائے جب کہ اس کے نتائج بھی جاری کردیے جائیں جس کے بعد حتمی میرٹ لسٹ کے لیے تمام بورڈز کے انٹر کے نتائج کا انتظار کیا جائے گا اور نتائج کے اجراء کے بعد ہی میرٹ لسٹ تیار اور جاری ہوگی جس کے سبب نیا تعلیمی سیشن جنوری کے آخر یا فروری کے آغاز سے شروع ہوگا یہ بھی فیصلہ ہوا کہ سیکنڈ سیمسٹر مقررہ وقت پر شروع کرنے کے لیے موسم گرما کی چھٹیوں کو مختصر کردیا جائے۔

یاد رہے کہ رواں سیشن 15 جنوری سے شروع ہوا تھا، انھوں نے بتایا کہ اکیڈمک کونسل میں عمومی رائے یہ تھی کہ چونکہ طلبہ نے گزشتہ سال انٹر سال اول کے امتحانات میں صرف اختیاری مضامین کے پرچے دیے تھے اور اسی بنیاد پر نتائج تیار ہوئے تھے لہذا فرسٹ ایئر کے نتائج کی بنیاد پر طلبہ کی اہلیت کی جانچ مشکل ہوگی لہذا عمومی رائے یہی سامنے آئے کہ انٹر سال دوئم کے نتائج کا انتظار کرلیا جائے اور سیشن کو کچھ تاخیر سے شروع کرلیا جائے۔
Load Next Story