شاہد آفریدی اور سعید اجمل آئی سی سی ون ڈے ٹیم میں شامل

انٹرنیشنل الیون کی قیادت مسلسل پانچویں برس بھارت کے مہندرا سنگھ دھونی کے سپرد، مائیکل کلارک بھی موجود

انٹرنیشنل الیون کی قیادت مسلسل پانچویں برس بھارت کے مہندرا سنگھ دھونی کے سپرد ، مائیکل کلارک بھی موجود فوٹو: اے ایف پی

سعید اجمل کی بے مثال پرفارمنس نے آئی سی سی کو انھیں ٹیسٹ کے بعد ون ڈے ٹیم میں بھی شامل کرنے پر مجبور کردیا۔

ان کے علاوہ اسٹار آل رائونڈر شاہد آفریدی بھی دنیا کے بہترین 11 پلیئرز کی صف میں شامل کرلیے گئے،انٹرنیشنل الیون کی قیادت کے لیے بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو چناگیا ہے۔

دھونی نے مسلسل پانچویں سال کپتان اور وکٹ کیپر نامزدگی پانے میں کامیاب ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق کولمبو میں آئی سی سی نے سال کی ون ڈے ٹیم کا اعلان کیا جس کا انتخاب ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ کی سربراہی میں سلیکشن پینل نے کیا، منتخب پلیئرز کے ناموں کا اعلان چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے خصوصی تقریب میں کیا۔


ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم آف دی ایئر میں پاکستان کے علاوہ بھارت سے 3، انگلینڈ کے 2، آسٹریلیا کے 2، سری لنکا کے 2 اور جنوبی افریقہ کا ایک پلیئر شامل ہے، اوپنرز کیلیے گوتم گمبھیر کے ساتھ الیسٹرکک کو چناگیا جبکہ ون ڈائون پوزیشن سنگاکارا کو ملی ہے، ویرت چوتھے، دھونی پانچویں نمبر پر ہیں، مائیکل کلارک چھٹی، شاہد آفریدی ساتویں پوزیشن پر ہیں۔

بولرز میں مورن مورکل، اسٹیون فن، لیستھ مالنگا، سعید اجمل اور شین واٹسن بطور بارہویں کھلاڑی منتخب کیے گئے ہیں، دھونی مسلسل پانچویں سال جگہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ دھونی کو ورلڈ کپ 2011 میں فاتح بھارتی ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل ہے ،ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کلائیو لائیڈ نے کہا کہ آئی سی سی ون ڈے ٹیم اور ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کا انتخاب انتہائی مشکل کام تھا۔

تاہم ہم محسوس کرتے ہیں کہ ون ڈے سائیڈ کی بیٹنگ مضبوط ہے جس میں ہر کنڈیشنز میں کھیلنے والے کھلاڑی موجود ہیں جو بولنگ اٹیک کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بھارت کے ویرت کوہلی، پاکستان کے سعید اجمل اور انگلینڈ کے اسیٹون فن پہلی مرتبہ آئی سی سی کی ایک روزہ ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کے مطابق یہ مضبوط ترین ون ڈے ٹیم منتخب ہوئی ہے۔
Load Next Story