عمران خان کو ملے قیمتی تحائف 20 لاکھ ڈالرز میں خریدے تاجر عمر فاروق کا دعویٰ

شہزاد اکبر نے رابطہ کر کے فرح خان کو دفتر بھیجا اور میں نے یہ بیس لاکھ ڈالرز میں خریدے، عمر فاروق


ویب ڈیسک November 15, 2022
فوٹو اسکرین گریپ

متحدہ عرب امارات کے معروف تاجر عمر فاروق نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو سعودی ولی عہد کی جانب سے ملی گھڑی اور دیگر تحائف میں نے 20 لاکھ ڈالرز کی رقم ادا کر کے فرح خان سے خریدے۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں تاجر عمر فاروق نے دعویٰ کیا کہ سابق مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے 2019 میں گھڑی، انگوٹھی اور دیگر تحائف بیچنے کیلیے رابطہ کیا، عمران خان کو ملے سعودی ولی عہد کے تحائف دبئی میں فرح خان میرے دفتر میں لائیں۔

تاجر کے مطابق 'فرح گوگی نے بتایا تھا کہ سعودی ولی عہد نے یہ تحفے دیے کہ جس کی میں نے اپنے ذرائع سے تصدیق کروائی اور تصدیق کے بعد عمران خان کو سعودی ولی عہد سے ملے تحائف 20 لاکھ ڈالر میں خریدے'۔

عمر فاروق نے کہا کہ شہزاد اکبر جانتے تھے کہ میں گھڑیوں کا شوقین ہوں، اس لیے انہوں نے رابطہ کیا۔

احسن جمیل گجر کی عمر فاروق کے دعوے کی تردید

دوسری جانب فرح گوگی کے شوہر احسن جمیل گجر نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام 'کل تک' میں جاوید چوہدری کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'فرح یا میں شہزاد اکبر کو نہیں جانتے اور نہ ہی عمر فاروق کو جانتے ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہمارے لین دین والے تعلقات نہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی کوئی تحفہ مجھے یا فرح کو دیا۔

احسن جمیل گجر نے کہا کہ 'دبئی میں جیولرز کی دکانوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں، وہ دعوے کے ساتھ فوٹیج بھی نکال کر لے آئیں، اتنی بڑی ڈیل کرنے والے شخص نے اپنے دفتر میں تو کیمرے لگائے ہی ہوں گے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہانی من گھڑت اور بے بنیاد ہے، جس ملک میں رانا ثنا اللہ جیسا وزیر داخلہ ہو وہاں پر کیسز کا اللہ ہی حافظ ہے، حکومت ہمارے ساتھ اہل و عیال، عزیز و اقارب کی تضحیک کررہی ہے'۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں