کراچی میں گیس کی لوڈشیڈنگ جانی نقصان کا سبب بننے لگی

مکان میں گیس اخراج سے دھماکا، 5 افراد زخمی، گھریلو سامان بھی خاکستر


Staff Reporter November 16, 2022
مکان میں گیس اخراج سے دھماکا، 5 افراد زخمی، گھریلو سامان بھی خاکستر

نئےگولیمارمیں مکان میں گیس کے اخراج کے باعث زور دار دھماکہ ہوا جس سے میاں ، بیوی اورتین بچے جھلس کر زخمی ہوگئے اور گھریلو سامان بھی خاکسترہوگیا۔

بدھ کی صبح رضویہ تھانے کےعلاقےنئےگولیمارپھول والی گلی میں واقع مکان کی پہلی منزل پر گیس لیکیج کے باعث زورداردھماکہ ہوا۔

دھماکے کے باعث مکان کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ آگ بھڑک اٹھنے سےمکان میں موجود میاں بیوی اور3بچے جھلس کرشدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپرسول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔

پولیس موقع پرپہنچ گئی اورپولیس نے فوری طورپر بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کرائم سین یونٹ کوموقع پرطلب کرلیا۔

رضویہ پولیس کے مطابق زخمیوں میں گھر کا سربراہ45 سالہ وسیم ولد یوسف ، اس کی اہلیہ 35 سالہ امبرین اور3 بچے 6 سالہ سمیع ،8 سالہ ام حبیبہ اور 10 سالہ رباب شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں گھرمیں موجود بیڈ اوردیگرگھریلو سامان جل کر خاکستر ہو گیا ۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے افسرعابد نے بتایا کہ دھماکے میں جھلس کر زخمی ہونے والا وسیم گھرسے کھانا بنا کر ٹھیلے پرفروخت کرنے کا کام کرتا ہے،اہل علاقہ اورگھروالوں کے مطابق منگل کی شب علاقے میں گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گیس کی سپلائی معطل تھی اور وسیم اپنے گھرکھانا پکانے کی تیاری کررہا تھا۔

گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے وسیم نے گیس کی لائن کا والو کھلا چھوڑ دیا اورسوگیا۔ رات کسی وقت علاقے میں گیس کی فراہمی بحال ہوئی تو وسیم کے گھر میں والو کھلا ہونے کی وجہ سے گیس کمرے میں بھر گئی اورصبح سواسات بجے کے قریب وسیم نے اٹھ کرکھانا پکانے کے لیےجسے ہی چولہا جلانے کے لیےماچس جلائی توکمرے میں گیس موجود ہونے کی وجہ سے زورداردھماکہ ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ جس مکان میں دھماکہ ہوا وہ ایک کمرے پرمشتمل ہے اور کھڑکیاں موجود ہونے کی وجہ سے کمرے میں موجود گیس دھماکے کی صورت میں کھڑکیاں ٹوٹنےکی وجہ سے باہر نکل گئی اگر کمرےمیں کھڑکیاں موجود نہ ہوتیں تو بڑے پیمانے پر تباہی ہو سکتی تھی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں