کویت قتل کیس میں پاکستانی سمیت 7 افراد کو پھانسی 2 خواتین بھی شامل

دیگر مجرمان میں ایک شامی، ایک ایتھوپیائی اور 4 کویتی شامل ہیں


ویب ڈیسک November 16, 2022
کویت میں ملزمان کو قتل اور دیگر الزام میں پھانسی کی سزا دی گئی تھی، فوٹو: فائل

کویت میں 2017 کے بعد پہلی بار 7 افراد کو عدالت کے حکم پر پھانسی دیدی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت میں ایک قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے 2 خواتین اور 5 مردوں کو سزائے موت سنائی تھی جس پر آج عمل درآمد کرتے ہوئے مجرمان کو ایک ساتھ پھانسی دیدی گئی۔

جن افراد کو پھانسی دی گئی ان میں ایتھوپیا اور کویت سے تعلق رکھنے والی خواتین کے علاوہ ایک پاکستانی، ایک شامی اور 3 کویتی مرد شامل ہیں۔ ان کے نام اور دیگر تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

کویت کے معاون مشیرِ خارجہ برائے قانونی امور غنیم الغنیم نے بتایا کہ مجرمان قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ جنھیں کویت کے 1960 کے قانون 16 کے تحت ٹھوس شواہد اور اعتراف کے بعد سزائے موت سنائی گئی تھی۔

تاہم انھوں نے مجرمان پر عائد مقدمات، دفعات اور سماعت سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں اور نہ ہی واردات کی تاریخ، محرک اور مقتول کے بارے میں کچھ بتایا گیا لیکن ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو مکمل قانون حقوق فراہم کیے گئے تھے۔

عالمی اداروں کی کڑی تنقید، اعتراض اور مطالبے کے باوجود کویت میں سزائے موت کا قانون برقرار ہے اور اس پر عمل درآمد بھی کرایا جاتا ہے۔ اس سے قبل 2017 میں بھی ایک شہزادے سمیت 7 افراد کو پھانسی دی گئی تھی۔

اسی طرح 2013 میں بھی پانچ افراد کو دو ماہ کے وقفے میں قتل کے الزام میں پھانسی دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ 17 مئی 1964 کو پہلی پھانسی کے بعد سے کویت میں اب تک 84 افراد کو سزائے موت دی گئی جن میں 15 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |