ورلڈکپ محمد حسنین اور خوشدل شاہ بغیرکھیلے کروڑپتی بن گئے

فائنل میں رسائی پرپاکستان کرکٹ ٹیم کو تقریبا 10 لاکھ ڈالر ملیں گے


Saleem Khaliq November 17, 2022
ایک کھلاڑی کے حصے میں 1 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد رقم آئے گی۔ فوٹو: فائل

ٹی 20 ورلڈ کپ میں محمد حسنین اور خوشدل شاہ بغیر میچ کھیلے کروڑپتی بن گئے جب کہ ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کو 114امریکی ڈالر کا یومیہ الائونس دیا گیا۔

ورلڈکپ فائنل میں پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف 5 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،اس ناکامی کے باوجود کھلاڑیوں کے اکائونٹس میں ایک کروڑ روپے سے زائد رقم منتقل ہو گی۔

آئی سی سی نے رنرز اپ ٹیم کو فاتح سے آدھی انعامی رقم 8 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا،سپر12 مرحلے کی3 فتوحات کے 40،40 ہزار ڈالر کے لحاظ سے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر گرین شرٹس کو ملیں گے۔

ٹورنامنٹ کے دوران آئی سی سی نے ہر کھلاڑی کو 125 آسٹریلوی ڈالر (83 امریکی ڈالر) کا یومیہ الائونس دیا، سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت پی سی بی نے اس میں 31 امریکی ڈالر کا اضافہ کر کے 114 کے لحاظ سے ڈیلی الائونس ادا کیا۔

مجموعی طور پر ورلڈکپ سے گرین شرٹس کو تقریبا 10 لاکھ ڈالر (22کروڑ 22لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) ملیں گے۔

پی سی بی کے ترجمان نے رابطے پر نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ طویل عرصے سے رائج پالیسی کے مطابق انعامی رقم کھلاڑیوں میں مساوی تقسیم ہو گی،چونکہ فخر زمان نے بھی انجرڈ ہونے سے قبل ایک میچ میں حصہ لیا لہذا وہ بھی رقم کے حقدار ہوں گے،اس کا مطلب یہ ہوا کہ انعام کے 17 حصے ہوں گے،16 کرکٹرز اور ایک سپورٹ اسٹاف کو ملے گا۔

محتاط اندازے کے مطابق ایک کھلاڑی کے حصے میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد رقم آئے گی، محمد حسنین اور خوشدل شاہ بغیر میچ کھیلے خطیر معاوضہ پائیں گے،فخرزمان اورآصف علی کو ایک،ایک جبکہ حیدر علی کو 2 میچز کھیلنے پر ہی بھاری رقم ملے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں