ایف ڈبلیو او کا ’’ون نیٹ‘‘ منصوبہ مواصلاتی انقلاب کی نوید

ملک بھر کے موٹرویز پر 3 ہزارکلومیٹر طویل زیر زمین آپٹیکل فائبرکیبل بچھائی جائے گی


Staff Reporter November 17, 2022
ٹول پلازاپرٹیکس نہیں دیناپڑے گا،دفاعی نمائش میں’ایف ڈبلیواو‘اسٹال میں عوامی دلچسپی۔ فوٹو: ایکسپریس

فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)کا ون نیٹ ورک منصوبہ مواصلات کے جدید تقاضوں کا حامل ہے، جس کے تحت پاکستان بھر کے موٹرویز پر زیرزمین 3 ہزار کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبرکیبل بچھائی جارہی ہے۔

کراچی ایکسپوسینٹر میں جاری دفاعی نمائش ''آئیڈیاز2022'' میں ایف ڈبلیو او کے ون نیٹ ورک منصوبے کا اسٹال قائم کیا گیا ہے،جو شرکا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

ایف ڈبلیو اوکے ون نیٹ ورک منصوبے کے تحت پورے پاکستان کے موٹر ویز پر لانگ ہال فائبر آپٹک کا نیٹ ورک بچھایاجارہا ہے،جو پورے پاکستان کی ٹیلی کام ضروریات کو پورا کریگا۔

ون نیٹ ورک کی چیف آپریٹنگ آفیسر کے مطابق موٹرویز کمیونیکیشن انفرااسٹرکچر کے تحت 2 ہزارکلومیٹر طویل آپٹیکل فائبرکیبل بچھادی گئی ہے، اس کے سبب پشاور سے سکھر تک ایم ٹیگ سے مستفیض ہوکرکسی ٹول پلازا پر ٹیکس نہیں دینا پڑیگا۔

اس سسٹم کے ذریعے مینوئل کیش کلیکشن سے بھی چھٹکارا مل جائیگا، یہ سسٹم موٹر وے پولیس سے منسلک ہوگا، جس میں موٹر ویز پر سفرکرنے والے افراد کی نقل وحرکت کے دوران سیٹ بیلٹ اور رفتار سمیت کسی بھی قانون یا ضابطے کی خلاف ورزی پر نظر رکھنے کے ساتھ اس کی سیفٹی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔

اگر مسافرکو کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کا سامنا ہوتا ہے تو ریکوری یا ریسکیو کی ٹیمیں اس تک بروقت پہنچ جائیں گی۔

ون نیٹ ورک موٹروے ایم ون سے ایم16 تک شاہراہوں کے ذریعے اسلام آباد،پشاور،لاہور،پنڈی بھٹیاں، ملتان، سکھر، کراچی، حیدرآباد، سیالکوٹ، ڈی آئی خان، سوات ایکسپریس وے، ہزارہ ایکسپریس وے، لاہوررنگ روڈ، لاہور۔ فیصل آباد کا احاطہ کریگا، حالیہ سیلاب کے برعکس شہروں کا آپس میں مواصلاتی رابطہ منقطع نہیں ہوگا۔

ایف ڈبلیو او کے اس منصوبے میں بیک وقت الیکٹرانک ٹول کلیکشن، انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم، او ایف سی لانگ ہال کنیکٹیویٹی، ایم ٹیگ ایز اے بزنس، نیٹ ورک انفرااسٹرکچر ڈیولمپنٹ،کسٹمائزڈ سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ،اسمارٹ آٹومیشن، پاور انفرااسٹرکچر اور اسمبلی لائن شامل ہیں۔

ایف ڈبلیو او کا ایک اور پروجیکٹ کنسٹرکشن ٹیکنالوجی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ بھی 6 اقسام کے ڈپلوما کورسز کروا رہا ہے، اس پروجیکٹ کے پرنسپل کرنل(ریٹائرڈ)عاطف کے مطابق 3 سے6 ماہ پر محیط 45 کے لگ بھگ شارٹ کورسز بھی کرائے جارہے ہیں۔ میٹرک کے بعد ادارے سے فارغ التحصیل بچے اس وقت پاکستان کے علاوہ جرمنی اور امریکا سمیت کئی ممالک میں تکنیکی شعبوں سے منسلک ہیں۔

دفاعی نمائش کے اسٹال پر ایف ڈبلیو او کا ایک اور منصوبہ ٹنلنگ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان بھی مرکزنگاہ بنا ہوا ہے،جو زیرزمین فلڈ واٹرمینجمنٹ سسٹم،گاڑیوں کی آمدروفت کے لیے انڈرگراؤنڈ سب ویز سمیت تعمیرات کے جدید اصولوں اور تصورات کے مطابق کام کررہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں