اپوزیشن لیڈر حلیم عادل کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

حلیم عادل کی گرفتاری کیلئے پولیس کا اپوزیشن لیڈر کے گھر پر چھاپہ،مختیارکار پر حملے میں ملوث ملزمان کی موجودگی کا دعویٰ


ویب ڈیسک November 17, 2022
فوٹو: فائل

گلشن معمار پولیس نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے خلاف زمین پر قبضہ کرنے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا، ترجمان حلیم عادل نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بغیر وارنٹ گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشن معمار پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنما اور قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے خلاف زمین پر قبضہ کرنے سمیت دیگر دفعات کے تحت ایم ڈی اے کے افسر ریاض بیگ کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 633 سال 2022 درج کرلیا جس میں ان کے خلاف 147 ، 148 ، 149 ، 186 ، 427 ، 324 ، 447 ، 511 ، 337 اے ون اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے کی دفعہ کو شامل کیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے درج کیے جانے والا مقدمہ 16 نومبر کی شام ساڑھے چار بجے درج کیا گیا ہے جسے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

گزشتہ روز پولیس کی بھاری نفری نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ نیشنل اسٹیڈیم کے عقب میں قائم سوسائٹی میں چھاپہ مارا تاہم ان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی اس اطلاع پر پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان سمیت دیگر رہنما حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور پولیس کے اس چھاپے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سیاسی دباؤ کا شکار ہے۔

اس حوالے سے ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ پولیس نے بغیر وارنٹ گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کی ، پولیس نے دو بار حلیم عادل شیخ کی رہائشگاہ پر چھاپہ مارا ، 15 سے زائد پولیس موبائلوں کے ہمراہ سادہ لباس اور خواتین پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارا گیا، حلیم عادل شیخ اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں ہیں جبکہ پولیس نے حلیم عادل شیخ کی فیملی کو بلاجواز ہراساں کیا۔

ترجمان کے مطابق سندھ حکومت کی ایما پر پولیس سیاسی انتقامی کاروائیوں میں ملوث ہے ، حلیم عادل شیخ عمران خان کے کھلاڑی ہیں وہ ڈرنے والے نہیں ، حکومت سندھ اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبانا یا بند کرنا چاہتی ہے لیکن ہم بھی سندھ حکومت اور سندھ پولیس کا ڈٹ کر مقابلہ کریںگے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر پولیس کے چھاپے کی اطلاع پر سابق گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کا بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی موبائلیں اور نفری اس طرح سے ان کے گھر پہنچیں جیسے حلیم عادل شیخ کوئی دہشت گرد ہو ، سیلاب زدگان کے فنڈز کھانے والے چور پی ایم ہاؤس اور سی ایم ہاؤس میں بیٹھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سیاسی انتقامی کاروائیوں جیسے گھٹیا عمل سے باز رہے ، حلیم عادل شیخ کی صاحبزادی کی شادی کے موقع پر پولیس کا محاصرہ شرمناک عمل ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

عمران اسمٰعیل نے کہا کہ سندھ حکومت ایسے گھٹیا ہتھکنڈوں سے عمران خان کے چاہنے والوں کو ڈرا نہیں سکتی ، پوری پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ کے ساتھ کھڑی ہے اور پولیس کے ہر غیر قانونی عمل اور جانبداری کی سختی سے مذمت کی جائیگی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |