پائلٹ اور عملے کی مدد سے موبائل واپس فضائی مسافر تک پہنچ گیا ویڈیو وائرل
طیارے میں سوار ہوتے ہوئے مسافر کا موبائل گر گیا تھا جو عملے کو ملا، ایئرلائن
کیلیفورنیا ہوائی اڈے کا عملہ اور طیارے کے پائلٹ کی کوششوں سے موبائل واپس مسافر تک پہنچ گیا، جس کی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے لانگ بیچ ایئرپورٹ پر طیارے میں سوار ہوتے ہوئے مسافر کا موبائل فون گیٹ کے قریب گر گیا جو ایئرپورٹ عملے کو ملا۔
ایئرپورٹ عملے نے موبائل فون کو دیکھتے ہی طیارے کے پائلٹ کو آگاہ کیا، جس کے بعد ساؤتھ ویسٹ ایئرلائن کے پائلٹ نے عملے سے موبائل لیکر مسافر تک پہنچایا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کا پائلٹ کاک پٹ کی کھڑکی سے باہر کی جانب لٹکا ہوا ہے جب کہ ہوائی اڈے کا عملہ اچھل اچھل کر موبائل فون پائلٹ کو تھمانے کی کوشش کررہا ہے، جس میں وہ کچھ دیر بعد کامیاب بھی ہوجاتے ہیں۔
ویڈیو ساؤتھ ویسٹ ایئرلائن نے خود سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر شیئر کی تھی۔