آئی ایم ایف کا سیلاب متاثرین سے ہمدردی کیلیے پاکستان کو ٹارگٹڈ سبسڈیز دینے کا عندیہ

وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے سربراہ کی ورچوئل میٹنگ، جاری پروگرام پر بھی پیشرفت سے متعلق گفتگو

(فوٹو: فائل)

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے سیلاب متاثرین اور غریبوں کیلیے پاکستان کو ہمدردی کی بنیاد پر ٹارگٹڈ سبسڈیز دینے کا عندیہ دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف مشن کے سربراہ سے آن لائن میٹینگ ہوئی جس میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)نے غریبوں اور پسماندہ افراد خصوصاً سیلاب متاثرین کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈیز پر ہمدردانہ غور کے لیے رضامندی کا عندیہ دے دیا ہے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ رواں سال کے دوران سیلاب سے متعلق انسانی امداد کے اخراجات کے تخمینے اور بحالی کے ترجیحی اخراجات کے تخمینے پر مضبوطی سے کار بند رہا جائے گا۔


ورچوئل میٹنگ میں دونوں فریقین نے آئی ایم ایف کے جاری پروگرام میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر میکرو اکنامک فریم ورک اور رواں سال کے اہداف پر سیلاب کے اثرات پر بات کی گئی۔

آئی ایم ایف نے غریبوں اور پسماندہ افراد خصوصاً سیلاب متاثرین کے لیے ٹارگٹڈ زر اعانت پر ہمدردانہ غور کے لیے اپنی رضامندی کا عندیہ دیا۔ دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نوویں جائزے کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے تکنیکی سطح پربات چیت اور جائزے کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے حکومت پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Load Next Story