صرف جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کر رہے ہیں جاوید عالم

کسی سیاسی جماعت سے کوئی اختلاف نہیں، رواں ماہ اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں


Staff Reporter March 29, 2014
ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ رواں ماہ پولیس کو اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور کئی ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا جبکہ متعدد جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ بھی کیا گیا، چند کالی بھیڑوں کی وجہ سے پورے محکمہ پولیس کو برا کہنا غلط ہے۔

محکمہ پولیس نے پالیسی تیار کی ہے جس کے تحت گرفتار ملزمان کی سیاسی وابستگی ظاہر نہیں کی جائے گی ، پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کررہی ہے ، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے کوئی اختلاف نہیں ، گزشتہ روز اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے موقع پر انھوں نے بتایا کہ مارچ میں پولیس کو کئی اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں ، 7 ٹارگٹ کلرز گرفتار اور 4 بڑے موٹر سائیکل لفٹر گینگ ختم کیے ، ملزمان میں سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں ، ایک سوال کے جواب میں جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ملزمان کی سیاسی وابستگی ظاہر نہیں کی جائے گی تاہم جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، ڈی آئی جی ویسٹ نے مزید کہا کہ پولیس میں بھی کالی بھیڑیں شامل ہیں جن کی وجہ سے پورے محکمے کو برا کہنا انتہائی غلط ہے۔

ملزمان کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ نیو کراچی سے 11 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث محمد عامر عرف ماتھا ولد یوسف ، خواجہ اجمیر نگری سے قتل کی 5 وارداتوں میں ملوث محمد حنیف ، ناظم آباد سے 5 افراد کا قاتل محمد جاوید ، پیرآباد سے 5 افراد کے قتل میں ملوث محمد نمیر عرف نعمان جبکہ ٹارگٹ کلنگ کی 7 وارداتوں میں ملوث افروز عالم عرف ناکام گڈو ، سرسید ٹائون سے پولیس اہلکاروں کا ٹارگٹ کلر یاسر اور سعید آباد سے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کا کارندہ عارف خان ولد صحبت خان پکڑا گیا، اس کے علاوہ تیموریہ اور سرسید ٹائون سے موٹر سائیکل لفٹر گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ گلشن معمار میں پولیس مقابلے کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کا ماربل سے لدا ٹرک برآمد کرلیا گیا، پاک کالونی پولیس نے بین الصوبائی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا جس میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں